سبز ہلالی پرچم سر بلند،بھارتی غرور غرق،انڈر19ایشیا کپ پاکستان کے نام
دبئی،اسلام آباد،لاہور: (مشرق نیوز،بیورورپورٹ،سپورٹس رپورٹر،وقائع نگار)سبز ہلالی پرچم سر بلند،بھارتی غرور دبئی کے میدان میں غرق،فیصلہ کن معرکے میں 191رنز سے ذلت آمیز شکست،پاکستان نے انڈر19ایشیا کپ جیت لیا۔
دبئی میں کھیلے گئے فیصلہ کن معرکے میںبھارت نے ٹاس جیت کر باﺅلنگ کافیصلہ کیا،پاکستان نے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 347 رنزکاپہاڑ ٹوٹل سکور بورڈ پر سجایا۔
سمیر منہاس نے 172رنز کی طوفانی اننگز کھیلی ،چھکوں،چوکوں کی بارش کرتے ہوئے گراﺅنڈ کے چاروں اطراف دلکش سڑوکس کھیلے،شاندار اننگز میں9چھکے ،17چوکے شامل ہیں،بھارتی باﺅلر بے بسی کی تصویر بنے رہے،احمد حسین 56، عثمان خان 35، کپتان فرحان یوسف 19 ،حمزہ ظہور نے 18رنز بنائے،صیام 13 ، نقاب شفیق 12رنز کےساتھ ناٹ آوٹ رہے۔
ہدف کے تعاقب میں سورما ﺅں کی ٹانگیں کانپ گئیں،پاکستانی باﺅلرز نے بھارتی بیٹنگ کے پرخچے اڑا دئیے،26.2اوورز میں پوری ٹیم 156پر چلتی بنی،علی رضا 4،صیام ،عبدالسبحان ،حذیفہ نے 2،2شکار کیے،پاکستان نے 191رنز کی شاندار فتح سے دوسری مرتبہ انڈر19ٹورنامنٹ جیت لیا،پاکستان اور بھارت 2012 کے ایونٹ میں مشترکہ طور پر فاتح رہے تھے۔
زبردست کامیابی کے بعدشاہینوں نے جشن منانا،گراﺅنڈ کاچکر لگایا،فضاءپاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھی،میچ اور ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی کاایوارڈ سمیر منہاس کے نام رہا،ایشین کرکٹ کونسل کے صدر اور چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے پاکستانی کپتان کو ٹرافی حوالے کی،فائنل جیتنے کے بعد چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے قومی کھلاڑیوں کو گلے لگا کر مبارکباد دی اور عمدہ کارکردگی کوسراہا۔
صدر زرداری ،وزیراعظم شہبازشریف ودیگر نے شاندار فتح پر ٹیم ، قوم کو مبارکبادیتے ہوئے کہابھارت کےخلاف زبردست کامیابی نوجوان کھلاڑیوں کی محنت و عزم کا ثبوت ،انڈر19کھلاڑیوں کی جیت عالمی مقابلوں کےلئے امیدکی کرن ، قوم کی دعائیں اورحمایت نوجوان کھلاڑیوں کےساتھ ہے، قوم کو نوجوان کھلاڑیوں پرفخر ، امید ہے فتوحات کا سلسلہ جاری رہے گا۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا روایتی حریف بھارت کےخلاف شاندار جیت پرقومی ٹیم کو مبارک باد، کاغذی شیروں کو عبرتناک شکست دےکر شاہینوں نے قوم کو خوش کردیا، پاکستان کو جیت ،بھارت کو شکست مدتوں یاد رہے گی۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا کامیابی بہترین حکمت عملی ،ٹیم ورک کا نتیجہ، کھلاڑیوں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرکے روایتی حریف بھارت کو شکست دی، سمیر منہاس کی بیٹنگ پرفارمنس قابل تعریف رہی، رائزنگ سٹارز پر سرمایہ کاری کا نتیجہ شاندار فتح کی صورت میں سامنے آیا۔

















