مفاہمت نہیں مزاحمت،قومی کانفرنس تحریک تحفظ آئین پاکستان
اسلام آباد:(بیورورپورٹ)مفاہمت نہیں مزاحمت،تحریک تحفظ آئین پاکستان کی قومی کانفرنس میں سیاسی رہنماوں، وکلا، صحافیوں نے پی ٹی آئی کابھرپور ساتھ دینے کااعلان کردیا۔
قومی کانفرنس میں سیاسی جماعتوں کے رہنماوں، وکلا، صحافیوں، دانشوروں ،سول سوسائٹی کے نمائندوں نے شرکت کی،آئینی ترامیم مسترد ، پارلیمنٹ کو بے اختیار کرنے کی مذمت،عدلیہ کو بے حیثیت کرنے ،پیکا ایکٹ کےخلاف آواز بلند کی گئی، شرکا نے پی ٹی آئی کو مشورہ دیا مفاہمت کی بجائے مزاحمت کی راہ اپنائے بھرپور ساتھ دیں گے۔
محمود اچکزئی نے خطاب کرتے ہوئے کہا آئیں ایک دوسرے کو معاف کریں ،ملکر پاکستان کو بربادی سے نکالیں، جمہوری ڈائیلاگ کےلئے تیار ہیں، کوئی مذاکرات کرنا چاہتا ہے تو عمران خان سے ملاقات کی اجازت دیں،سزائیں تو آپ دے رہے ہیں مگر ملاقات تو فیملی و قائدین کا حق ہے وہ تو دیں، فضل الرحمن، نواز شریف، جماعت اسلامی سمیت قائدین بیٹھیں اور بات کریں، 8 فروری کو جیتنے والے کوالیکشن دےدیں۔
سربراہ اپوزیشن اتحاد نے کہا 5309 ارب کی کرپشن رپورٹ سامنے آئی ،ادارے آنکھیں اور کان ہیں اپنا کام ضرور کریں مگر سیاست میں مداخلت نہیں ہونی چاہیے۔
سینئر سیاستدان جاوید ہاشمی نے کہا جیلیں ،قربانیاں ہی قوموں کو آزادی دلاتی ہیں، آزادی طویل و صبر آزما قربانیوں کا نتیجہ ہے، 30 سے 40 سال کی جدوجہد کے بعد آزادی ممکن ہوئی، علمائے کرام ،سیاسی کارکنوں کی قربانیاں تاریخ کا حصہ ہیں، حقوق جدوجہد سے ملتے ہیں، پیچھے ہٹنے سے نہیں، سب ایک ہیں تقسیم کی باتیں قبول نہیں،کہتے ہیں آو مکالمہ کریں مگر بات آگے نہیں بڑھتی ،کسی تحریک یا ٹکراو کی سیاست کا حامی نہیں ،کسی کی توہین چاہتا ہوں نہ کسی کو نیچا دکھانا مقصد ہے۔
سلمان اکرم راجہ نے کہا عدالت گئے سماعت تھی مگر توشہ خانہ ٹو کا فیصلہ آگیا ،فیصلہ کرنا ہوگا جبر کو سہنا ہے یا نہیں، معاملے کا تعلق کسی ایک سیاسی جماعت نہیں مجموعی ہے، ظلم کو ظلم کہنا ،بات لےکر ہر پاکستانی کے پاس جانا ہے،دفعہ 140 کے تحت قدم روک دیئے جاتے ہیں، اکٹھے آگے بڑھنا ہے، بانی پی ٹی آئی نے پیغام دیا قوم سٹریٹ موومنٹ کےلئے تیار رہے اور کوئی چارہ نہیں،اقتدار کی بجائے اصولوں کی جنگ لڑنی ہے۔
اسد قیصر نے کہا سڑکوں پر نکلنے کے سواءکوئی آپشن باقی نہیں رہا اب صرف مزاحمت ہو گی، کوئی سمجھتا ہے ڈر جائیں گے تو بھول ہے، بانی پی ٹی آئی کےلئے میرٹ کے مطابق انصاف چاہتے ہیں۔
جماعت اسلامی کے رہنما لیاقت بلوچ نے کہا قومی محاذ پر غیر جانبدارانہ انتخابات کےلئے ہر قومی آواز کو طاقتور بنانے کا کردار ادا کریں گے، ماضی کی غلطیوں سے سبق سیکھتے ہوئے قومی ترجیحات کا تعین ہونا چاہیے، قومی ایجنڈے پر سیاسی جماعتیں، میڈیا ،سول سوسائٹی کو اکٹھا ہونا ہوگا، پرامن سیاسی جدو جہد کی جانب آگے بڑھنا ہوگا، قومی ترجیحات میں کم از کم ایجنڈا متفقہ آئین کا تحفظ کرنا ہے، آئین میں بدنیتی کی بنیاد پر مصنوعی اکثریت کےساتھ کی گئی ترامیم کوواپس کرانا ہوگا۔
لیاقت بلوچ نے کہا ماضی میں آمر آئین توڑتے رہے ایمرجنسی لگی ،اپنی خواہشات کی تکمیل کیلئے آئین کا حلیہ بگاڑ دیا گیا، ججز کی سطح پر تقسیم سمیت بنچ و بار کے فاصلے سے عدلیہ کی آزادی سلب ہوئی، عدلیہ کیلئے بنیادی انسانی حقوق کا تحفظ نا ممکن ہو چکا۔
ایمان مزاری نے کہا پی ٹی آئی مقبول ترین جماعت ہے کیونکہ عوام نے عمران خان کو مینڈیٹ دیا،پی ٹی آئی اپنی پالیسی واضح طور پر بیان کرے اور فیصلہ کرے کیا آپ سہیل آفریدی والی مزاحمت چاہتے ہیں یا مفاہمت کا راستہ چاہیے؟ مگر واضح رہے ظالم، جابر و قابض کے سامنے مفاہمت نہیں مزاحمت ہی کی جاتی ہے،پی ٹی آئی کی ووٹر یا سپورٹر نہیں ہوں مگر میری درخواست ہے اپنی پالیسی واضح کردے ،مزاحمت کےلئے تیار ہے تو سب شانہ بشانہ کھڑے ہیں،کسی کو حق نہیں عوام کے مینڈیٹ پر دن دیہاڑے ڈاکہ ڈالا جائے۔
اپنے خطاب میں ایمان مزاری نے مزید کہا عدلیہ کی تاریخ میں پہلی بار ایسا ہوا غیرقانونی اقدام کے ذریعے جسٹس طارق محمود جہانگیری کو ہٹادیا گیا، پتہ ہے جسٹس سرفراز ڈوگر کو چیف جسٹس کیوں بنایا گیا، کراچی بار ایسوسی ایشن اور لاہور کے وکلا کو خراج تحسین پیش کرتی ہوں آئینی ترامیم کےخلاف سراپا احتجاج ہیں، اسلام آباد کے صحافیوں کو بھی باہر نکلنا چاہیے،تنقید کرنا اور سچ بولنا ملک میں جرم بن چکا، آپ کو سچ بولنے پر گرفتار کرکے پورے ملک کا ٹور کرادیا جائےگا۔
چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا اپنی تحریک کا نام تحریک تحفظ آئین پاکستان رکھا، حالات کا اندازہ ہوتا تو تحریک بحالی آئین پاکستان رکھتے، 2سال پہلے اقتدار میں آئی حکومت کے پاس سادہ اکثریت تک نہیں تھی،مینڈیٹ چھینا گیا، عدلیہ کمپرومائز ، 26ویں ترمیم ہوئی، 42 ضمنی الیکشن میں پی ٹی آئی صرف 2 نشستیں جیت سکی ،باقی تمام اور 78 مخصوص نشستیں چھین لی گئیں،امید کیے بیٹھے رہے شاید حالات بہتری کی طرف چلے جائیں گے مگر ایسا نہ ہوا۔
بیرسٹر گوہر نے کہا سپریم کورٹ کے جسٹس اعجاز الاحسن کو کہا گیا 12 بجے سے پہلے پہلے گھر چلے جاو¿، گھر نہ جاتے تو آج چیف جسٹس ہوتے، جسٹس جہانگیری کےساتھ وہی ہو رہا تھا، آپ نے کہا ڈگری جعلی ہے وہ اب وکالت بھی نہیں کر سکے گا،ملک 70 سال سے مسائل میں گھرا ،تجویز ہے پاکستان کے حالات دیکھیں ،ملک کا مقبول ترین لیڈر بانی پی ٹی آئی ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا آئین و قانون کے راستے ڈھونڈتے ہیں، ایک طرف عوام ،دوسری طرف پاور ہے مقابلہ کیسے کریں؟ 5ہزار کارکن جیلوں میں بند ہیں، لیڈر کو پھر سزا سنا دی گئی، عوام تحریک تحفظ آئین پاکستان کو چلانے کےلئے تیار ہیں، لوگوں کو 140 سال تک کی سزا سنائی گئی ،میں وہ آخری شخص ہوں گا جو کہے گا مذاکرات نہیں ہونے چاہئیں، میں نے عمران خان سے مذاکرات کی اجازت لی، بانی نے محمود اچکزئی اور راجہ ناصر عباس کو ذمہ داری دےدی، بانی پی ٹی آئی ،3 کروڑ ووٹر آپ دونوں کے پیچھے کھڑے ہیں، مذاکرات کرنے ہیں یا مزاحمت اختیار آپ دونوں کاہے۔
بیرسٹر گوہر نے کہامحمود اچکزئی ،علامہ راجہ ناصرعباس اپوزیشن لیڈر ہیں ،نوٹیفکیشن کی پرواہ نہیں،فضل الرحمن کو پی ٹی آئی کے مینڈیٹ پر اعتراض ہے تو سننے کو تیار ہیں، ایک دوسرے کو خطرہ سمجھیں نہ گالی دیں۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا میرے لیڈر کیخلاف فیصلہ ناانصافی پر مبنی ہے،26 ویں ترمیم سے پہلے بھی انصاف نہیں ملا،عدالتیں صرف فیصلے کر رہی ہیں انصاف نہیں، کوئی سوچتا ہے حکومت ہے تو بچ جائے گا؟ ایسا ہرگز نہیں ہوگا،عمران خان ،اہلیہ بےگناہ ،بوگس مقدمات قائم کیے گئے، سیاسی جماعتوں کو سیاسی جماعت ہی رہنا چاہیے کسی کا آلہ کار نہیں بننا چاہیے، سیاسی لوگوں کےخلاف غلط روایات قائم کی جا رہی ہیں، جنگ جمہوریت کی مضبوطی کیلئے ہے۔
صحافی مطیع جان نے کہا غیراعلانیہ نہیں اعلانیہ مارشل لا لگا،میڈیا، عدالتوں ،حکومت کو چلایا جارہا ہے اب کسی اعلان کی ضرورت باقی نہیں رہی،سابق سینیٹر مشتاق احمد نے کہا شہروں، گلیوں، چوراہوں، پریس کلب غرض ہر جگہ مزاحمت کی ضرورت ہے، اسٹیبلشمنٹ نے ماضی سے سبق نہیں سیکھا، میں پوچھتا ہوں صحافی کیوں جیلوں میں ہیں؟ میڈیا کےلئے پاکستان گوانتاموبے بن چکا ،اختلافی آوازوں کا گلا گھونٹا جارہا ہے، صوبوں کو این ایف سی نہیں دیا جارہا۔
حبیب اکرم نے کہا صحافت پر پابندیاں لگی ہیں، پیکا ایکٹ حکومتی ایوانوں سے آیا، ہر جگہ ایک تقسیم پیدا کردی گئی ، اداروں ،سیاست دانوں کے درمیان خلیج اس قدر بڑھ چکی کم کرنے والے لوگ نہیں ،طے کرنا ہے کیا واقعی کوئی راستہ بچا ہے؟ یا لڑنا ہی پڑے گا، کیا لڑائی کی کیفیت کا ملک متحمل ہوسکے گا؟ کیا کوئی اور صورت موجود ہے آگے بڑھ سکیں؟ بات کرنے کی ضرورت ہے۔
محسن داوڑ نے کہا 78 سال سے ایک ہی دائرے میں گھوم رہے ہیں، عمران خان کےخلاف سزا کوئی نئی بات نہیں ایسے فیصلے پہلے بھی دیکھے ، توشہ خانہ کس کے ہاتھ میں ہے؟ سب کو پتہ ،کچھ نیا نہیں ، بس متاثرہ فریق بدلتا رہتا ہے،تقریب میں دیگر رہنماوں و وکلا نے بھی خطاب کیا اور مفاہمت کی بجائے مزاحمت کا راستہ اختیار کرنے پر زور دیا۔
دریں اثنا اپوزیشن نے عمران ،بشریٰ کو سزاکافیصلہ انصاف کے منافی قرار دےدیا۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا توشہ خانہ ٹو میں عمران ، بشریٰ کو دی گئی سزا کی مذمت کرتے ہیں اس طرح کے فیصلوں سے عوام میں انتشار پھیلے گا۔
محمود اچکزئی نے کہا حق کی بات کرنےوالوں کو سزا دینا انصاف نہیں ، لوگ سوال اٹھائیں گے، ملک میں اربوں روپے کی چوریاں و کرپشن ہوئیں سب کو معلوم ہے، ضمیر بیچیں و ضمیر خریدیں تو آپ اچھے پاکستانی ہیں۔
اخترمینگل نے کہا سزا کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، کیا پہلے وزرائے اعظم نے توشہ خانہ سے کچھ نہیں لیا؟ سزا ملی کیا؟، ملک کو دولخت کیا گیا، کیا سزا ملی؟،ملک و آئین توڑنے والوں کو گارڈ آف آنر کےساتھ رخصت کیا گیا، سب ناانصافی کی مثالیں ہیں،قانون،انصاف اور آئین کی بالادستی ہوتی تو اس طرح نہ بیٹھے ہوتے، آئین طاقتوروں کےلئے بنایا جاتا جس کے پاس طاقت اسے ہی استثنیٰ حاصل ہوتا ہے،علامہ ناصر عباس نے کہا ملک کے عوام اور پارلیمنٹ غیر متعلقہ ،انصاف نہیں مل رہا، پارلیمنٹ ہاﺅس میں عوام کے حق پرڈاکہ ڈالنے کا انتظام کیا جاتا ہے۔
مصطفی نواز کھوکھر نے کہا سب صرف سیاستدانوں کےساتھ نہیں ہورہا بلکہ ایمان مزاری کو عوام کی آواز بننے پر مقدمے کا سامنا ،مطیع جان پر منشیات کا جھوٹا کیس بنایا گیا، جسٹس جہانگیری کاجرم بانی پی ٹی آئی کی ضمانت و الیکشن کیسز کو جلد نمٹانا تھا۔
فردوس شمیم نقوی نے کہا فیصلے نے انصاف کے نظام کو ایکسپوز کردیا، پتہ چل گیا عدالتوں سے انصاف نہیں ملتا، پی ٹی آئی ورکرز پر 65 ہزار مقدمات ہیں اب عدالتوں کا بائیکاٹ کردینا چاہیے،جعلی فیصلوں سے پیدا ہونے والا خلا انتہائی خطرناک ہے، کانفرنس کے ذریعے فاصلے کم کرنا چاہتے تھے لیکن فیصلے سے ثابت ہوگیا آپ نہیں چاہتے فاصلے کم کریں، اقوام متحدہ کی رپورٹ بتاتی ہے جو کچھ ہورہا آئینی ہے نہ قانونی بلکہ غیر انسانی ہے۔
زبیر عمر نے کہا ملک میں عدلیہ کو ختم کردیا گیا ، بغیر ٹرائل کے فیصلے ہوں گے تو کون اعتماد کرے گا،70 ،70 سال کے رہنماﺅں کو سزائیں سنادی گئیں، ظلم نہیں تو اور کیا ہے؟، جب تک حکومت کو گرانے کا فیصلہ نہیں ہوگا ظلم ہوتا رہے گا۔

















