آسٹریلیا ،مسجد کی بے حرمتی، دیوار پر نازی نشان ،توہین آمیز چاکنگ


برسبین :(مشرق نیوز) آسٹریلیا میں مسجد کی بے حرمتی، دیوار پر نازی نشان ،توہین آمیز چاکنگ،مسلم برادری میں غم و غصے کی لہر دوڑ گئی۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق آسٹریلوی ریاست کوئنزلینڈ کے علاقے برسبین کی مسجد کی دیوار پر شر پسندوں نے نازی نشان و نفرت انگیز نعرے لکھ دیئے ، اسلام ، مسلمانوں کےخلاف کھلی نفرت کا اظہار کیا گیا،پولیس نے مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کر دیا۔

ابتدائی معلومات کے مطابق نفرت انگیز تحریریں نمازیوں نے فجر کی نماز کے وقت دیکھیں اور پولیس کو اطلاع دی ،سی سی ٹی وی فوٹیج میں نقاب پوش شخص کو مسجد کی دیوار پر سپرے پینٹ کرتے ہوئے دیکھا گیا۔

مسجد کے امام عبدالصالح نے کہا کمیونٹی واقعہ پر شدید غمزدہ و مضطرب ہے، نفرت، دھمکی اور عبادت گاہوں کی بے حرمتی کی آسٹریلوی معاشرے میں کوئی جگہ نہیں،پیغام غصے کی بجائے اتحادو یکجہتی کا ہے۔

کوئنزلینڈ اسمبلی کی پہلی مسلمان رکن بسما آصف نے کہاآسٹریلیا میں مسلسل بڑھتے اسلاموفوبیا و نسل پرستانہ واقعات سے تنگ آ چکی ہوں،معاشرے میں نفرت ،تقسیم کی کوئی گنجائش نہیں،آسٹریلوی کرکٹر عثمان خواجہ نے بسما آصف کے بیان کو سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہوئے کہا کہ نفرت پھیلانے والوں کو تقسیم نہیں کرنے دینا چاہیے،کوئنزلینڈ کے وزیر صحت ٹم نکولز نے کہا ریاست میں نفرت کی علامتوں کےلئے کوئی جگہ نہیں۔