ساہیوال (بےورو رپورٹ) صوبائی وزیر برائے سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن خواجہ سلمان رفیق نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژن کے مطابق صوبے کے عوام کو صحت کی بہترین سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ساہیوال انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں دل کے مریضوں کے علاج کیلئے جدید سہولیات کی فراہمی پر خطیر رقم خرچ کی جا رہی ہے جس سے ساہیوال ڈویژن سمیت قریبی اضلاع کے ہزاروں شہریوں کو دل کے مرائض کیلئے لاہور یا ملتان کا سفر نہیں کرنا پڑیگا۔ وہ یہاں ساہیوال انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے بورڈ آف مینجمنٹ کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ اجلاس میں سیکرٹری صحت عظمت محمود،پرنسپل ساہیوال میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر اختر، ایم ایس ڈاکٹر الیاس انجم اور بورڈ ممبران نے شرکت کی جبکہ چیئرمین بورڈ میجر جنرل (ر) اظہر محمود کیانی نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں حصہ لیا۔ خواجہ سلمان رفیق نے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ حکومت پنجاب صحت کی سہولیات عام آدمی کی دہلیز تک پہنچانے کیلئے عملی اقدامات اٹھا رہی ہے اور ساہیوال انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کو علاقے کا جدید ترین اور سٹیٹ آف دی آرٹ ہسپتال بنانا اسی سلسلے کی کڑی ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ ڈاکٹروں اور دیگر طبی عملے کی کمی کو بھی مرحلہ وار پورا کیا جائے گا۔ اس موقع پر سیکرٹری ہیلتھ عظمت محمود نے یقین دہانی کرائی کہ ڈاکٹرز کی رہائش سمیت دیگر مسائل جلد حل کئے جائیں گے۔ اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ساہیوال انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں اینجیوگرافی اور اینجیو پلاسٹی کیلئے درکار سامان وافر مقدار میں دستیاب ہے، جبکہ اب تک 7 بائی پاس سرجریز، 168 انجیوگرافیز اور 38 اینجیو پلاسٹیز کامیابی سے کی جا چکی ہیں۔
ساہیوال انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں ڈاکٹرز، عملہ کی کمی کو پورا کیا جائیگا: وزیر صحت



















