عمران خان پارٹی فیصلوں کے لیک ہونے پر برہم، سیاسی کمیٹی تحلیل کرنے کا اعلان

راولپنڈی (مشرق نیوز) پارٹی کے اندر جاری اختلافات اور خفیہ فیصلوں کے منظر عام پر آنے کے بعد پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان نے کئی ہفتوں کی خاموشی کے بعد پہلی بڑی کارروائی کرتے ہوئے سیاسی کمیٹی کو تحلیل کرنے کا اعلان کر دیا۔ رپورٹ کے مطابق اپوزیشن جماعت کے اندر اختلافات کی وجہ سے پی ٹی آئی کے بانی چیئرمین عمران خان نے کئی ہفتوں بعد پہلی بڑی تبدیلی کرتے ہوئے پارٹی کی سیاسی کمیٹی ختم کر دی۔

عمران خان کے ایکس اکاونٹ سے جاری کئے گئے پیغام میں کہا گیا کہ بڑی کمیٹی کی جگہ ایک چھوٹی کمیٹی بنائی جائیگی اور اس کا پورا اختیار پارٹی کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ کو دیا گیا ہے۔ پیغام میں عمران خان نے کہا کہ وہ آج پی ٹی آئی کی سیاسی کمیٹی ختم کر رہے ہیں، سلمان اکرم راجہ کو مکمل اختیار ہے کہ وہ ایک نئی چھوٹی کمیٹی بنائیں، سیاسی حکمت عملی تیار کریں اور اسے نافذ کریں۔

پی ٹی آئی کے سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے تصدیق کی کہ تقریباً 40 اراکین پر مشتمل سیاسی کمیٹی کی جگہ کم اراکین پر مشتمل ایک نئی کمیٹی آنے والی ہے۔ ان کے مطابق نئی کمیٹی میں ممکنہ طور پر صوبائی صدور، اپوزیشن لیڈرز اور چند دیگر اراکین شامل ہوں گے۔

چونکہ پی ٹی آئی کے انٹرا پارٹی انتخابات کو الیکشن کمیشن آف پاکستان کئی بار مسترد کرچکا ہے، اسلئے پارٹی کے پاس کور کمیٹی کی صورت میں منتخب قیادت کا ڈھانچہ موجود نہیں اور روزمرہ امور سیاسی کمیٹی کے ذریعے چلائے جارہے تھے۔ سینئر رہنما اسد قیصر نے کہا کہ سیاسی کمیٹی کو تحلیل کرنے کی تجویز کئی بار کمیٹی اراکین کی جانب سے پیش کی جاچکی تھی۔ انہوں نے کہا کہ تحلیل کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ کمیٹی کے فیصلے لیک ہوجاتے تھے۔ ان کے مطابق اس فیصلے کا وقت اہم نہیں کیونکہ یہ معاملہ کافی عرصے سے زیر غور تھا۔ اسد قیصر نے بتایا کہ اب صوبائی و مرکزی قیادت اور اتحادیوں پر مشتمل ایک کوآرڈی نیشن کمیٹی قائم کی جائے گی۔