وزیر اعلیٰ کے پی سٹنٹ بازی کی بجائے اپنی ذمہ داری کا احساس کریں،طلال چودھری


اسلام آباد: (بیورورپورٹ)وزیر مملکت داخلہ طلال چودھری نے کہا ہے خیبر پختونخوا بڑا صوبہ ،وزیر اعلیٰ کو اپنی ذمہ داریاں پوری کرنی چاہئیں، دہشتگردی کیخلاف اقدامات کیے جائیں،وفاقی حکومت سیاسی حکومت ہے ،کبھی نہیں چاہے گی صوبے میں گورنر راج لگے۔

صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے طلال چودھری نے کہاوزیر اعلیٰ سیاسی پوائنٹ سکورنگ اور سٹنٹ بازی کی بجائے اپنی ذمہ داری کا احساس کریں ،سہیل آفریدی ہر مرتبہ قومی سلامتی اور انسداد دہشتگردی اجلاس میں آنے کی بجائے پوائنٹ سکورنگ کر رہے ہیں ،وزیر اعلیٰ کے پی بننے سے نہیں ہو سکتا آپ ہر جیل کے دروازے کھلوا کر جس مرضی قیدی سے مل لیں ،جیل میں ملاقات صرف جیل مینول کے تحت ہی جیل حکام کرا سکتے ہیں۔

وزیر مملکت نے کہاجیل کے باہر امن و امان کے مسائل پیدا ،جان بوجھ کر روڈز بلاک کی جائیں تو دوسرے قیدیوں کیلئے بھی خطرہ بن سکتا ہے ، جیل حکام اور عدالتیں موجود ہیں ، کوئی جس بھی عہدے پر ہو وہ ڈکٹیٹ نہیں کراسکتا ،جیل میں قانون کے تحت ہی ملاقات ہو سکتی ہے۔