مخصوص عناصر ضمنی انتخاب کو متنازع بنانے کی کوشش کر رہے ہیں،ای سی پی
اسلام آباد: (بیورورپورٹ) الیکشن کمیشن نے تمام الزامات مسترد کرتے ہوئے کہا ہے مخصوص عناصر حسب معمول این اے 18 ہری پور کے ضمنی انتخاب کو متنازع بنانے کی کوشش کر رہے ہیں، ڈی آر او ، آر او کی تعیناتی کو سازش قرار دینا حقائق کے منافی ہے، جنرل الیکشن میں عملے کی کمی کے باعث افسروں کی تعیناتی ممکن نہیں ہوتی، ضمنی انتخابات میں کمیشن کے افسر ہی ڈی آر او ،آر او مقرر کئے جاتے ہیں،این اے 18 میں تعینات افسرااسی ایریا میں پہلے سے موجود تھے۔
ای سی پی نے کہا پولنگ ڈے تک کسی سیاسی جماعت نے تعیناتیوں پر اعتراض نہیں کیا، الیکشن ہارنے کے بعد بے بنیاد الزامات لگائے جا رہے ہیں، فارم 45 پہلے سے تیار ہونے کا الزام غلط و گمراہ کن ہے،پریزائیڈنگ افسر مکمل طور پر صوبائی انتظامیہ نے فراہم کئے ، چاہتے تو وفاقی اداروں کے ملازمین بھی لگائے جا سکتے تھے، صوبائی انتظامیہ کے عملے نے پولنگ بیگز ، نتائج آر او آفس میں جمع کرائے، سکیورٹی انتظامات بھی مکمل طور پر صوبائی حکومت نے فراہم کئے۔
ترجمان الیکشن کمیشن نے کہا ہر انتخاب کے بعد ایک جیسے الزامات دہرانا انتخابی عمل کو مشکوک بنانے کی کوشش ہے، نتائج پر اعتراض ہے تو قانونی فورم الیکشن ٹربیونل سے رجوع کیا جائے، میڈیا پر الزام تراشی سے جمہوری عمل کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

















