پاکستان ،سعودی عریبیہ کی مشترکہ فوجی مشقیں البتار ٹو اختتام پذیر
راولپنڈی :(بیورورپورٹ)پاکستان ،سعودی عریبیہ کی مشترکہ فوجی مشقیں البتار ٹو اختتام پذیر ہو گئیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مشقیں 18 سے 26 نومبر تک جاری رہیں، پاکستان آرمی کے سپیشل سروسز گروپ (ایس ایس جی ) اور سعودی آرمی کی کامبٹ ٹیموں نے حصہ لیا،اختتامی تقریب تبوک سعودی عرب میں ہوئی،مشقیں انسداد دہشتگردی پر مرکوز رہیں،سپیشل سروسز گروپ کے جنرل افسر کمانڈنگ نے اختتامی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی، سعودی عرب کے سینئر فوجی حکام بھی موجود تھے۔
ترجمان پاک فوج نے کہا دونوں برادر ممالک کی افواج نے پیشہ ورانہ مہارت، عملی صلاحیت اور ہم آہنگی کے اعلیٰ معیار کا مظاہرہ کیا، مشقوں کا مقصد انسداد دہشتگردی آپریشنز میں مشترکہ مہارت کو بڑھانا تھا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق رہائشی علاقوں میں لڑائی، خودساختہ دھماکہ خیز آلات سے نمٹنے کی مشق کی گئی، مشق نے پاک سعودی دیرینہ فوجی تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کا موقع فراہم کیا،مشقوں کے دوران تمام تربیتی مقاصد کامیابی کے ساتھ حاصل کیے گئے، دونوں ممالک کی علاقائی امن، سلامتی اور مشترکہ دفاعی تیاری کے عزم کی عکاسی ہوئی۔

















