امن کی بحالی کے بغیر ترقی و خوشحالی ممکن نہیں، سہیل آفریدی


پشاور: (بیورورپورٹ) وزیراعلیٰ کے پیسہیل آفریدی نے کہا ہے امن کی بحالی کے بغیر ترقی اور خوشحالی ممکن نہیں۔

عمائدین وفد نے کہا سہیل آفریدی ہمارا فخر ہیں، ان کا وزیر اعلیٰ بننا تمام قبائلی اضلاع کےلئے اعزاز ہے، ہم امن اور صوبائی حقوق کے حصول کی جدوجہد میں وزیر اعلیٰ کے ساتھ کھڑے ہیں،وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے غیر متزلزل حمایت پر قبائلی عمائدین سے اظہار تشکر کیا۔

سہیل آفریدی نے کہا امن سب سے بڑا مسئلہ اور پہلی ترجیح ہے، امن کی بحالی کے بغیر ترقی اور خوشحالی ممکن نہیں، صوبائی اسمبلی میں خیبرپختونخوا گرینڈ امن جرگے کا کامیاب انعقاد کیا گیا، جرگے میں شریک تمام سیاسی جماعتوں اور سٹیک ہولڈرز کی طرف سے متفقہ اعلامیہ جاری کیا گیا، انضمام کے وقت 10 سال کےلئے ایک ہزار ارب روپے دینے کا وعدہ پورا نہیں کیا جا رہا، صوبائی حکومت کے اربوں روپے کے بقایا جات اب بھی وفاق کے ذمہ واجب الادا ہیں، قبائلی اضلاع کو ان کا حق دلانے کی کوشش جاری ہے، ضم اضلاع میں یونیورسٹی کے ساتھ ساتھ میڈیکل اور نرسنگ کالجز بھی قائم کریں گے۔

ادھر پشاور ہائیکورٹ نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کی الیکشن کمیشن نوٹس کےخلاف درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا، الیکشن کمیشن نوٹس کے خلاف درخواست پر سماعت جسٹس سید ارشد علی اور جسٹس وقار احمد پر مشتمل بنچ نے کی۔

دوران سماعت درخواست گزار کے وکیل نے کہا الیکشن کمیشن کے نوٹس میں کہا گیا وزیراعلیٰ نے دھمکی آمیز الفاظ استعمال کیے، خود نوٹس میں کہا گیا ہے جلسہ حویلیاں میں تھا جو این اے 18 کی حدود میں نہیں، نوٹس میں کہا گیا الیکشن ایکٹ کی خلاف ورزی کی گئی،وزیراعلیٰ کے وکیل نے جلسے میں کی گئی تقریر کی ٹرانسکرپشن پڑھ کر سنائی اور کہا وزیراعلیٰ نے کہا تھا کوئی دھاندلی کرے گا تو کارروائی ہوگی،جسٹس وقاراحمد نے کہا آپ کےخلاف الیکشن کمیشن نے کوئی کارروائی تو نہیں کی، آپ الیکشن کمیشن کی کارروائی میں شامل ہوجائیں، تھوڑا انتظار کریں۔

جسٹس ارشد علی نے کہا جب الیکشن کمیشن کوئی سخت ایکشن لے تب ہمارے پاس آئیں، آپ اپنے لیے مسائل خود پیدا کرتے ہیں،درخواست گزار کے وکیل نے کہا وزیراعلیٰ کےخلاف 2 کارروائیاں چل رہی ہیں، ایک کارروائی ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفس اور دوسری الیکشن کمیشن کی ہے، پہلے ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ کارروائی مکمل کرے پھر الیکشن کمیشن کرے، الیکشن کمیشن نے ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افسر کو بائی پاس کر کے نوٹس دیا، الیکشن کمیشن کے پاس اس کا اختیار نہیں۔

الیکشن کمیشن کے نمائندے نے کہا الیکشن کمیشن کے پاس ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر کارروائی کا اختیار ہے، انتخابات کے ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کرانا الیکشن کمیشن کا کام ہے، الیکشن کمیشن کے عملے کو دھمکانا بھی ضابط اخلاق کی خلاف ورزی میں آتا ہے، الیکشن کمیشن نے باقی امیدواروں کو بھی نوٹس دئیے، بلاامتیاز کارروائی کر رہے ہیں، وزیراعلیٰ اداروں پر اعتماد کریں، ہم نے ابھی کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا،جسٹس سیدارشد علی نے الیکشن کمیشن کے نمائندے استفسار کیا ابھی تو الیکشن کمیشن نے وزیراعلیٰ کو نااہل یا کام سے نہیں روکا؟جسٹس ارشد علی نے وزیراعلیٰ کے وکیل سے استفسار کیا کہ آپ کے تحفظات کیا ہیں؟ وکیل نے کہا الیکشن کمیشن وزیراعلیٰ کےخلاف فوجداری سمیت کوئی بھی کارروائی شروع کر سکتا ہے،جسٹس سید ارشد علی نے کہا ہم آرڈر کرتے ہیں، عدالت نے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا۔