پشاور، اسلام آباد (بیورو رپورٹ) پشاور میں فیڈرل کانسٹیبلری کے ہیڈکوارٹرز پر فتنہ الخوارج کا حملہ ناکام ، سکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 3 دہشت گرد ہلاک، حملے میں ایف سی کے 3 اہلکاروں نے جامِ شہادت نوش کیا، حملہ صبح 8 بج کر 10 منٹ پر ہوا، ایک خودکش حملہ آور نے خود کو مرکزی گیٹ پر اڑایا جبکہ دو خودکش حملہ آورایف سی ہیڈ کوارٹر کے اندر داخل ہوئے۔
فیڈرل کانسٹیبلری کے اہلکاروں نے دونوں حملہ آوروں پر فائرنگ کی، تینوں خودکش حملہ آور مارے گئے ،ایف سی ہیڈکوارٹرز کو اندر سے مکمل طور پر کلیئر کر دیا گیا ہے،ترجمان ریسکیو کے مطابق دھماکے کے 5 زخمیوں کو ایل آر ایچ منتقل کیا گیا، زخمیوں میں دو ایف سی اہلکار بھی شامل ہیں، زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے، حملے کے بعد ٹرانس پشاور نے سکیورٹی خدشات کے باعث بی آر ٹی سروس عارضی معطل کر دی ، بی آر ٹی کی مرکزی راہداری پر بسوں کی سروس معطل کی گئی جبکہ فیڈر روٹس پر بس سروس معمول کے مطابق جاری ہے، خودکش حملے کی ابتدائی رپورٹ تیار کر لی گئی۔
پولیس رپورٹ کے مطابق ایک خودکش حملہ آور پیدل ایف سی ہیڈ کوارٹرزکے گیٹ تک پہنچا، خودکش حملہ آور نے چادر اوڑھ رکھی تھی، خودکش بمبار نے مرکزی گیٹ کے ناکے پر خود کو دھماکے سے اڑایا، مرکزی گیٹ پر خودکش دھماکے کے نتیجے میں 3 اہلکار موقع پر شہید ہو گئے، دھماکے کے فوری بعد دو حملہ آور سائیڈ گیٹ سے ایف سی ہیڈ کوارٹر میں داخل ہوئے، دونوں خودکش حملہ آوروں کے پاس رائفلز اور ہینڈ گرینیڈ بھی تھے،خودکش حملہ آور اندر داخل ہونے کے بعد دائیں جانب موٹر سائیکل سٹینڈ پر پہنچے، خودکش حملہ آوروں نے فائرنگ کی اور جوابی فائرنگ میں مارے گئے۔
ایف سی ہیڈ کوارٹر کے اندر داخل ہونے والے دہشتگردوں کو مرکزی گیٹ کے 30 سے 40 میٹر کے اندر ہی مار دیا گیا،ایک دھماکہ مین گیٹ ، دوسرا موٹر سائیکل سٹینڈ پر ہوا، ،ادھر حملے میں شہید ہونےوالے اہلکاروں کی نماز جنازہ فیڈرل کانسٹیبلری ہیڈ کوارٹر میں اداکردی گئی،نماز جنازہ میں وزیراعلیٰ کے پی کے، کورکمانڈر پشاور اور عسکری و سول حکام نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور شہدا کی قربانی کو خراج عقیدت پیش کرنے کےساتھ اہل خانہ سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار بھی کیا،نماز جنازہ کے بعد شہدا کے جسد خاکی آبائی علاقے روانہ کردئیے گئے، جہاں شہدا کی تدفین مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ کی جائےگی،صدر آصف زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں، سکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی سے بڑے نقصان سے بچ گئے،وطن عزیز سے بیرونی پشت پناہی میں سرگرم خوارج کی دہشت گردی کا مکمل خاتمہ اولین ترجیح ہے،صدر مملکت نے فتنہ الخوارج کے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہداءکے لواحقین سے دلی ہمدردی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی۔
آصف زرداری نے کہا دہشت گردوں کا حملہ وطنِ عزیز کےخلاف بیرونی پشت پناہی میں سرگرم خارجی دہشت گردوں کی بزدلانہ کارروائی ہے،وطن عزیز سے بیرونی پشت پناہی میں سرگرم خوارج کی دہشت گردی کا مکمل خاتمہ اولین ترجیح ہے،،وزیراعظم شہباز شریف نے زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد از جلد صحت یابی کی دعا کی، شہباز شریف نے کہا واقعہ کے ذمہ داروں کی جلد از جلد شناخت کر کے کیفر کردار تک پہنچایا جائے، پاکستان کی سالمیت پر حملہ کرنےوالے دہشتگردوں کے مزموم عزائم کو خاک میں ملا دیں گے، حکومت ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے کےلئے پرعزم ہے،وفاقی وزیر داخلہ محسن نے کہا فیڈرل کانسٹیبلری کے جری جوانوں نے بہادری سے فتنہ الخوارج کے حملے کو ناکام بنایا، جام شہادت نوش کرنے والے 3 ایف سی جوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، زخمیوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے پاکستان مخالف قوتیں خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے ذریعے حملہ آور ہیں، بلوچستان ایک اہم اور حساس صوبہ ہے، پاکستان کی ترقی بلوچستان کےساتھ جڑی ہوئی ہے، بلوچستان کی سب سے بڑی طاقت معدنیات ہیں، معدنیات کی ترقی کےلئے جب قدم اٹھائے تو شدت پسندی شروع ہو گئی، شدت پسندوں کی نظریں معدنیات پر ہیں، وہ چاہتے ہیں علاقے کو اپنی دسترس میں لے کر آئیں، آج کے دور میں جنگ کا پہلا زینہ بیانیہ کی جنگ ہے، گولی کی جنگ آخر میں ہوتی ہے، پہلے کوشش ہوتی ہے کہ بیانئے کے ذریعے لوگوں میں انتشار پیدا کرو، شدت پسندی کا طریقہ ہے کہ لوگوں میں بد اعتمادی پیدا کرو ان کو آپس میں لڑاو¿،وفاقی وزیر نے کہا جب کسی معاشرے میں عدم استحکام آتا ہے تو وہ خود بخود اندر سے کھوکھلا ہو جاتا ہے، ہمارا فرض ہے ہم ان چیزوں سے باخبر ر ہیں، آج دنیا میں سوشل میڈیا پر فیک نیوز سے آگ لگا دی جاتی ہے، ہم نے جب سی پیک شروع کیا اس کےخلاف منظم طور پر مہم چلائی گئی، جھوٹے نقشے پھیلائے گئے تاکہ پاکستان اور چین کہیں آپس میں جڑ نہ جائیں، پاکستان اور چین کی دشمن قوتیں چاہتی تھیں سی پیک کے منصوبے کو ناکام بنایا جائے، 2017 میں چین کی ہر بڑی کمپنی پاکستان پہنچ گئی تھی، اگر 2018 میں تبدیلی سرکار نہ آتی تو ملک میں کم از کم 25 ، 30 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری ہونا تھی، 2018 کے بعد ایک ایسا ماحول بنایا گیا سب سرمایہ کار دوسرے ملکوں میں چلے گئے۔
احسن اقبال نے کہا ہم منہ تکتے رہ گئے ، دھرتی ویران ہو گئی، دھرتی کو پھر سے بسانے کی کوشش کر رہے ہیں، اللہ تعالی نے معرکہ حق میں کامیابی دی اور بے مثال کامیابی دی، معرکہ حقنے دنیا میں پاکستان کا طاقت کا توازن بھارت کے اگر اوپر نہیں تو برابر لا کے کھڑا کیا ہے، آج دنیا ہمیں بھارت سے کسی طرح کمتر نہیں دیکھ رہی،مزید بر آں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے پشاور میں فرنٹیئر کانسٹیبلری ہیڈکوارٹرز پر دہشت گردوں کے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے واقعے کی فوری رپورٹ طلب کر لی ،سہیل آفریدی نے کہا جوانوں نے بہادری سے بڑی تباہی سے بچا لیا، حملہ انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت ہے، دہشت گردوں کا کوئی مذہب نہیں، بزدلانہ حملے ہمارے حوصلے پست نہیں کر سکتے، شہداءہمارا فخر ہیں، خون ہرگز رائیگاں نہیں جانے دیں گے، ملوث عناصر کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا، دہشت گردی کےخلاف جنگ مزید مضبوط عزم کےساتھ جاری رہے گی، قیامِ امن اور دہشتگردی کے خاتمے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے، صوبائی حکومت پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ کھڑی ہے۔
پشاور: ایف سی ہیڈکوارٹرز پر حملہ ناکام، بمبار سمیت 3 افغانی دہشت گرد ہلاک، 3 اہلکار شہید

















