تجاوزات بننے کیساتھ قبضہ ہو رہا تھا ، ریلوے آنکھیں بند کرکے بیٹھا رہا، جسٹس حسن رضوی


اسلام آباد: (بیورورپورٹ)وفاقی آئینی عدالت کے جسٹس حسن اظہر رضوی نے ریمارکس دئیے تجاوزات بننے کےساتھ قبضہ ہو رہا تھا اور ریلوے آنکھیں بند کرکے بیٹھا رہا، زمین کی واگزاری کے لیے کسی نے ریلوے کے ہاتھ نہیں باندھ رکھے۔

جسٹس حسن رضوی جسٹس اور کے کے آغا پر مشتمل 2رکنی بنچ نے کیس پر سماعت کی، عدالت نے استفسار کیا ریلوے نے ملکیتی زمین کی واپسی کےلئے کیا اقدامات اٹھائے؟ ریلوے اراضی پر تجاوزات و قبضہ کے ذمہ داران آفیشل کےخلاف ریلوے نے کیا کارروائی کی؟ تفصیلی رپورٹ دی جائے،ریلوے ملکیتی زمین پر قبضہ و تجاوزات کو روکنے والا کوئی ہے یا نہیں، ریلوے کی زمین قوم کی امانت ہے، قیام پاکستان کے وقت کتنی ٹرینیں چلتی تھیں، ریلوے کی ٹرینوں اور پٹڑیوں کی تعداد آدھی رہ گئی، ریلوے کے بہترین کلب اور ہسپتال تھے لیکن وہ بھی ختم ہوگئے۔

جج آئینی عدالت نے کہا ریلوے کی زمین پر کچی آبادیاں انڈسٹری اور گوٹھ بن گئے ہیں، کیا ریلوے کو تجاوزات اور قبضے کے لیے زمین دی گئی تھی،ریلوے وکیل سے جسٹس حسن رضوی نے استفسار کیا کیا ریلوے کی زمین کو زیر استعمال لانے کا کوئی پلان ہے؟ ریلوے کو ساری زمین واپس مل جائے تو کیا کریں گے، آئینی عدالت کا یہ مطلب نہیں غیر آئینی چیزوں میں چلے جائیں۔

جسٹس حسن اظہر رضوی نے ریمارکس دئیے ریلوے کے افسران ایئر کنڈیشنڈ کمروں میں بیٹھے رہتے ہیں، افسران اے سی روم میں بیٹھے رہیں گے تو زمینوں پر قبضہ ہی ہوگا، صوبائی حکومت نے وفاق کی زمین کچی آبادی کو کیسے الاٹ کر دی، ریلوے کو تجاوزات کے خاتمے سے کس نے روکا ہے، تجاوزات و قبضے کےخلاف ریلوے ایکشن کیوں نہیں لیتی،وفاقی آئینی عدالت نے ریلوے اراضی پر تجاوزات و قبضہ کی رپورٹ طلب کرلی۔