سینٹ ،پاکستان آرمی ایکٹ ترمیمی بل 2025 کثرت رائے سے منظور


اسلام آباد: (بیورورپورٹ) سینٹ نے پاکستان آرمی ایکٹ ترمیمی بل 2025 کثرت رائے سے منظور کر لیا ، پاکستان ایئرفورس ایکٹ ترمیمی بل اور پاکستان نیوی آرڈیننس ترمیمی بل کی بھی منظوری دےدی۔

چیئرمین یوسف رضا گیلانی کی زیر صدارت سینٹ اجلاس میں سینٹ نے پاکستان آرمی ترمیمی بل 2025 کی بھی منظوری دےدی، قائد ایوان اسحاق ڈار نے بل پیش کیا،سینٹ نے ائیر فورس ترمیمی بل 2025کی بھی منظوری دےدی، ترمیمی بل2025سینیٹر اسحاق ڈار نے پیش کیا،سینٹ نے پاکستان نیوی آرڈیننس1961میں مزید ترمیم کا بل بھی منظورکرلیا، بل وزیردفاع خواجہ آصف نے ایوان میں پیش کیا،سینٹ نے سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر ترمیمی بل2025کی منظوری دےدی، بل وفاقی وزیر ڈاکٹرطارق فضل چودھری نے پیش کیا۔

اسحاق ڈار نے کہا ایوان نے 27 ویں آئینی ترمیم منظور کی، اسی سبب ایکٹس میں ترمیم کی ضرورت تھی،ایئر فورس ایکٹ ترمیمی بل 2025 میں اہم تبدیلیاں کی گئیں، ادھر پی ٹی آئی اور جے یو آئی کے ارکان کی جانب سے بل کی مخالفت کی گئی۔

جے یو آئی (ف) کے رکن کامران مرتضیٰ نے بل کی مخالفت کرتے ہوئے کہا بل کو کمیٹی میں بھجوایا جائے، پی ٹی آئی کے رکن ہمایوں مہمند نے بھی بل کمیٹی کے بھجوانے کا مطالبہ کیا،سینیٹر دنیش کمار نے کہا ہم یہاں جو سوالات کرتے ہیں ان کا جواب نہیں دیا جاتا، ہم سے تفصیلات چھپائی جاتی ہیں،وزارت خزانہ کی ایس او ایز کے افسران کی مراعات کے حوالے سے میرا سوال تھا جس کا صرف یہ جواب دیا گیا ہے گریڈ 21 کے افسر کے برابر مراعات دی جا رہی ہیں۔

وزیر مملکت خزانہ بلال کیانی نے کہا ممبران کے سوالات کا مکمل جواب دیا جاتا ہے، اگر کہیں کوئی تشنگی رہ گئی ہے تو ہم وہ بھی دینے کو تیار ہیں، معاملہ کمیٹی میں جائے گا تو ہم وہاں بھی تفصیلات دینے کو تیار ہیں،وزارت خزانہ سے منسلک ایس او ایز کے افسران کی تعداد 21 ہے، حکومت اہل اور قابل افسران کا ان پوسٹوں پر تقرر کرتی ہے، سینیٹر دنیش کمار نے کہا بلوچستان میں کوئی اہل افسر نہیں ہے جو وہاں سے کسی افسر کو تعینات نہیں کیا گیا،پریزائیڈنگ آفیسر نے کہا یہ سوال مزید تفصیل کیلئے متعلقہ کمیٹی کو بھیج رہے ہیں۔