27 ویں ترمیم کو متنازع قرار دینا درست نہیں،رانا ثنا
اسلام آباد: (بیورورپورٹ)مشیر وزیراعظم رانا ثنا نے کہا ہے مسلح افواج کے انٹرنل سٹرکچر میں تبدیلی پیشہ ورانہ معاملہ ہے، سیاسی تنازع نہیں بنایا جا سکتا،27 ویں آئینی ترمیم مکمل طور پر آئین میں درج پارلیمانی طریقہ کار کے مطابق عمل میں لائی گئی،متنازع قرار دینا درست نہیں، ترمیم کا مسودہ پہلے باضابطہ طور پر ایوان میں پیش پھر قواعد کے مطابق متعلقہ کمیٹی کے سپرد کیا گیا۔
رانا ثنا نے کہا کمیٹی نے 3 دن تک ہر شق پر تفصیلی غور کیا، بعض نکات کو حذف کیا گیا اور کچھ میں ترمیم شامل کی گئی جبکہ ہر شق پر باقاعدہ ووٹنگ ہوئی، جو ترمیم دو تہائی اکثریت سے منظور ہو چکی متنازع نہیں کہا جا سکتا، اپوزیشن نے اگر اتفاق رائے کرنا ہوتا تو تجاویز لے کر آتی مگر انہوں نے سٹینڈنگ کمیٹیوں کا بھی بائیکاٹ کر رکھا ہے
مشیر وزیراعظم نے کہا وزیراعظم شہباز شریف نے یوم آزادی پر بھی اپوزیشن کو میثاق پاکستان کےلئے دعوت دی تھی تاکہ ملکی مسائل پر مشترکہ پالیسی تشکیل دی جائے تاہم پی ٹی آئی اور اپوزیشن بیٹھنے کو تیار ہی نہیں، پارلیمنٹ سے اپوزیشن کو تین بار مذاکرات کی پیشکش کی جا چکی اس بار بھی کوشش کی گئی مگر انہوں نے انکار کیا۔
















