موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کیلئے عالمی تعاون ناگزیر ہے، اسحاق ڈار

اسلام آباد: (بیورورپورٹ) نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا ہے پاکستان کو موسمیاتی تبدیلی کا سنگین خطرہ درپیش ، عالمی تعاون کے بغیر چیلنجز سے نمٹنا ناممکن ہے۔

اسلام آباد میں مارگلہ ڈائیلاگ 2025 سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا مارگلہ ڈائیلاگ 2025 سے خطاب کرنا میرے لیے باعث اعزاز ہے، انسانیت کو آج کئی طرح کے چیلنجز درپیش ہیں، سلامتی کونسل عالمی امن واستحکام کی بنیادی ذمہ داری پوری کرنے میں ناکام ہے، عالمی ادارے کمزور ہوتے جارہے ہیں، پاکستان کو موسمیاتی تبدیلی کا سنگین خطرہ درپیش ہے، پاکستان کا کاربن اخراج میں حصہ نہ ہونے کے برابر لیکن پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے سب سے زیادہ متاثرہورہا ہے، چیلنجز سے عہدہ برآہونے کیلئے کثیرالجہتی اداروں کو مضبوط کرنا ضروری ہے۔

نائب وزیر اعظم نے کہا عالمی تعاون اورنفاذ کے موثر نظام کے بغیر چیلنجز سے نمٹنا ممکن نہیں، عالمی معاشی مساوات کوفروغ دینا ضروری ، مکالمے کا موضوع عصرحاضر کے تقاضوں سے انتہائی مطابقت رکھتا ہے، قرضوں کے بحران نے دنیا کے 100سے زائد ممالک کو منفی طور پر متاثر کیا ہے، ڈیجیٹل ٹیکنالوجی تک سب کےلئے بلاتفریق رسائی ضروری ہے۔