پاکستان ایران امن اور مسلم امہ کے اتحاد کےلئے پرعزم ہیں، وزیراعظم


اسلام آباد: (بیورورپورٹ)وزیراعظم شہباز شریف نے ایران کےساتھ دوطرفہ تجارت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا دونوں ممالک عالمی امن ، خوشحالی اور علاقائی تعاون پر یقین ،مسلم امہ کے اتحاد ویگانگت کےلئے مشترکہ عزم رکھتے ہیں۔

ایرانی پارلیمنٹ کے سپیکر ڈاکٹر باقر قالیباف نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی،شہباز شریف نے مسائل کےلئے بات چیت اور سفارتکاری جیسے پرامن طریقوں پر دونوں ممالک کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا،سپریم لیڈر خامنہ ای ،صدر مسعود پزشکیان کےلئے عزت و تکریم ،خیر سگالی کے پیغامات دیئے، وزیراعظم نے کہا دونوں ممالک ریاستی دہشتگردی ، خود مختار ممالک کےخلاف بلا اشتعال حملوں کی شدید مذمت کرتے ہیں، پاکستان ، ایران بد قسمتی سے دہشتگردی کا شکار رہے ہیں ،دونوں ممالک پوری دنیا کےلئے امن و خوشحالی ، علاقائی تعاون کے علمبردار ہیں،پاکستان ایران کےساتھ باہمی مفاد کے مختلف شعبوں بالخصوص معاشی تعاون ،تجارت کو بڑھانے کا خواہشمند ہے۔

سپیکر ایرانی پارلیمنٹ نے وزیراعظم ،حکومت ،پاکستانی عوام سے اسرائیل جنگ میں بھرپور تعاون و حمایت پر دلی تشکر کا اظہار کرتے ہوئے کہا پاکستان کےساتھ مختلف معیشت ،تجارت سمیت متعدد شعبوں میںتعاون بڑھانے کیلئے پرعزم ہیں۔

دریں اثنا اپنے بیان میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا گوگل اسمبلی کا قیام خوش آئند ہے، بین الاقوامی آئی ٹی کمپنیاں حکومتی پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار کر رہی ہیں،آئی ٹی مصنوعات کی مقامی تیاری سے برآمدی صنعت کوترقی ،زر مبادلہ میں اضافہ ہو گا، روز اول سے پاکستان کو ڈیجیٹل نیشن بنانے کےلئے اقدامات کو ترجیح دی۔

علاوہ ازیں وزیراعظم شہباز شریف آذربائیجان کے یوم فتح کی تقریب میں شرکت کےلئے باکو پہنچ گئے،حیدر علیوو بین الاقوامی ہوائی اڈے پر آذربائیجان کے اول نائب وزیراعظم یعقوب ایوبوو، آذربائیجان کے اول نائب وزیر خارجہ فریز رضایوو، آذر بائیجان میں تعینات پاکستان کے سفیر قاسم محی الدین ،سفارتی عملے نے استقبال کیا،دورے کے دوران وزیراعظم کی آذربائیجان کے صدر الہام علیوو سے دو طرفہ ملاقات بھی ہوگی۔