27ویں ترمیم کا ڈرافٹ کسی نے نہیں دیکھا،وزیراعلیٰ کے پی


اسلام آباد:(بیورورپورٹ)سابق وزیراعظم وبانی پی ٹی آئی عمران خان کے کیسز سماعت کےلئے مقرر نہ ہونے پر پی ٹی آئی رہنماوں ، کارکنوں نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر احتجاج کیا، عمران خان کی رہائی کےلئے نعرے لگائے۔

وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے ملاقات کی اجازت نہ ملنے پر توہین عدالت کی درخواست دائر کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے بائیو میٹرک کرالیا۔

صحافیوں سے گفتگو کرتے ہو ئے وزیر اعلیٰ کے پی نے کہا تمام پارلیمیٹینرز بیٹھے ہیں کیسز نہیں لگائے جارہے ،چاہ رہے ہیں وجوہات سامنے آجائیں، سوال ہے انصاف کیوں نہیں ہو رہا؟ احتجاج کریں گے، 3ججز نے فیصلہ دیا ملاقات ہونی چاہیے مگر عمران خان سے ملاقات نہیں ہونے دی جارہی، 27ویں آئینی ترمیم کا ڈرافٹ کسی نے نہیں دیکھا، معلوم نہیں حکومت نے بھی خود 27 ویں ترمیم کا مسودہ دیکھا ہے یا نہیں۔

سہیل آفریدی نے کہا اسلام آباد ہائیکورٹ آئے تھے ،چیف جسٹس سے ملے اور کیسز فکس کرانے کے حوالے سے بات کی، کیسز فکس نہیں ہو رہے، آئین مجھے پرامن احتجاج کی اجازت دیتا ہے، عدالتی فیصلے کے باوجود میری بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہیں کرائی گئی، عدالتیں بتا سکتی ہیں کس کا پریشر ہے؟، کوشش ہے خیبرپختونخوا میں وہ کام کریں جو پہلے نہ ہوئے ہوں۔