امن جرگہ بلانے کا اعلان، آپریشن کی اجازت نہیں دینگے، کے پی حکومت

پشاور:(بیورورپورٹ)کے پی حکومت نے امن جرگہ بلانے کا اعلان کرتے ہوئے کہاہے صوبے میں کسی عسکری کارروائی کی اجازت نہیں دیں گے، تیسری بار حکومت میں آئے،فیصلہ خودکریں گے۔

سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاصوبے میں امن و امان کی صورتحال کچھ اچھی نہیں ،سیاسی قیادت کا واضح موقف آرہا ہے آپریشن نہیں ہونا چاہیے، تمام پارلیمینٹرین خصوصی کمیٹی پر متفق ہوئے ، اے پی سی ،جرگے کا فیصلہ بھی کیا گیا،ٹی او آرز بنانے،امن جرگے کے بعد کور کمانڈر کےساتھ بیٹھیں گے،پارلیمانی سکیورٹی کمیٹی ٹی او آرز تشکیل دےکر وزیر اعلیٰ کو پیش کرے گی، امن جرگے میں تمام سیاسی جماعتوں کے نمائندہ افراد کے علاوہ سیاسی شخصیات کو بھی مدعو کیا جائےگا۔

بابر سلیم سواتی نے کہا صوبے میں طویل عرصے سے دہشتگردی کےخلاف آپریشنز ہورہے ہیں،امن جرگے میں تمام سیاسی قیادت کی رائے کا احترام کیا جائےگا، کسی سیاسی شخصیت کے منہ پر ٹیپ نہیں لگائی جاسکتی ،سب کے سامنے صورتحال رکھیں گے تب ہی وفاقی حکومت کوئی فیصلہ کرسکے گی، چاہتے ہیں اداروں ،لوگوں کے مابین فاصلے کم ہوں۔

وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی اطلاعات شفیع جان نے کہاصوبائی حکومت کےلئے سب سے بڑا چیلنج امن و امان کی صورتحال ہے، گورنر کے پی کو بھی کمیٹی میں شرکت کی دعوت دی تھی، 12 نومبر کو امن جرگے میں تمام سیاسی قیادت کو بلائیں گے، ٹی او آرز میں سیاسی قیادت کی تجاویز شامل کریں گے،فیصلے بند کمروں میں نہیں ہونے چاہئیں،26 ویں ترمیم پر جو فلم چلی وہ دوبارہ چلے گی، صوبے میں کسی بھی عسکری کارروائی کی اجازت نہیں دیں گے۔

صوبائی جنرل سیکرٹری پی ٹی آئی علی اصغر نے کہا قبائلی علاقوں میں امن و امان کی صورتحال کسی سے ڈھکی چھپی نہیں،امن جرگے میں سب سول سوسائٹی، وکلا برادری، میڈیا و سیاسی جماعتوں کے مشران کوبلا رہے ہیں ،پارٹی کا بھی موقف ہے آپریشن نہیں ہونا چاہیے۔

جنرل سیکرٹری پشاور ریجن شیر علی نے کہا کے پی صوبہ سب سے زیادہ متاثر ، جتنے بھی آپریشنز ہوئے کوئی فائدہ نہیں ہوا اب کم از کم جو فیصلہ ہو وہ عوام کے حق میں ہونا چاہیے۔

سابق صوبائی وزیر کامران بنگش نے کہا خیبرپختونخوا حکومت کا اعزاز ہے تمام سیاسی جماعتوں کو ساتھ لےکر چل رہی ہے ورنہ فارم 47 والے کس طرح اور جماعتوں کو دبا رہے ہیں سب کے سامنے ہے، خیبرپختونخوا حکومت دریا دلی کا مظاہرہ کررہی ہے، تمام سیاسی جماعتوں کے اکابرین اپنی رائے امن جرگے میں ضرور شامل کریں۔