پاک بھارت جنگ کے دوران حقیقت میں 8 طیارے گرائے گئے، ٹرمپ

میامی ،واشنگٹن:(بیورورپورٹ) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاک بھارت جنگ میں8طیارے گرائے جانے کادعویٰ کردیا۔

میامی بزنس فورم سے خطاب کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا پاک بھارت جنگ کے دوران سنا کچھ اخبارات میں آیا 7 یا 8 طیارے گرائے گئے، ایک اخبار نے لکھا 7 طیارے گرائے گئے، ایک کو نقصان پہنچا، کسی اخبار کا نام نہیں لوں گا، زیادہ تر جھوٹی خبریں دیتے ہیںمگر حقیقت میں پاک بھارت جنگ کے دوران 8 طیارے گرائے گئے، دونوں ایٹمی ممالک میں جنگ ٹیرف کی مدد سے روکی، امن پر آمادہ کرنے کےلئے تجارتی معاہدوں سے انکار کی دھمکی دی۔

امریکی صدر نے کہا میں نے کہا اگر تم ایک دوسرے سے جنگ کرو گے تو تمہارے ساتھ تجارت ، کوئی معاہدہ نہیں کریں گے،ایک دن بعد مجھے فون آیا اور بتایا گیا امن قائم کر لیا یعنی لڑائی بند کردی میں نے کہا شکریہ اب تجارت کریں گے کیا سب کچھ زبردست نہیں؟ ڈونلڈ ٹرمپ نے کہاسب ٹیرف (محصولات) کی وجہ سے ممکن ہوا، ٹیرف نہ ہوتے تو ایسا کبھی نہ ہوتا، 8 ماہ کے دوران 8 جنگیں ختم کرائیں ،کوسووو ،سربیا، کانگو ،روانڈا، پاکستان اور بھارت کی جنگیں شامل ہیں۔

دریں اثنا ٹرمپ انتظامیہ نے عہدہ سنبھالنے کے بعد سے اب تک تقریباً 80 ہزار نان امیگرنٹ ویزے منسوخ کر دئیے ،محکمہ خارجہ کے سینئر اہلکار نے کہا ویزے ڈرائیونگ انڈر دی انفلوئنس، چوری و حملہ جیسے جرائم کے علاوہ سوشل میڈیا پوسٹ ،سیاسی خیالات کی بنیاد پر بھی منسوخ کیے گئے،اقدامات ٹرمپ حکومت کی امیگریشن پر سخت پالیسی کا حصہ ہیں