لاہور:(سٹاف رپورٹر)وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا ہے مریم نواز صوبے کی تاریخ میں سب سے زیادہ ترقیاتی منصوبے شروع کرنے اور مکمل کرنے والی وزیراعلیٰ ہیں۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا پنجاب حکومت نے عوامی فلاح و بہبود کےلئے اقدامات اٹھائے، سیلاب متاثرین میں 10 ارب روپے تقسیم کیے، حکومت نے فیصلہ کیا مریم نواز کے فلاحی منصوبوں کی تفصیلات عوام تک پہنچائی جائیں گی، پنجاب کے منصوبے ہر قسم کی کرپشن سے پاک ، مخالفین کے تو کلرکوں سے بھی اربوں روپے برآمد ہو جاتے ہیں،پنجاب میں اب ڈی سی، کمشنر اور اے سی کا ”ریٹ“ ختم ہو چکا ، بیوروکریسی کی کارکردگی کو کے پی آئی سسٹم کے تحت مانیٹر کیا جا رہا ہے۔
وزیر اطلاعات نے طنزیہ انداز میں خیبر پختونخوا حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کے پی میں نئی سائنسی ایجاد ہوئی، وزیراعلیٰ نے کوئی عینک لگائی، سمجھ نہیں آئی سینسر لگا کر کیا کیا جا رہا ہے، کاش ایسی عینک بن جائے جو اڈیالہ کے مجاوروں کو کے پی کی محرومیاں، سکول، ہسپتال اور امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال دکھا سکے، اگر ایسی عینک بنانی ہو تو پنجاب حکومت مدد کےلئے تیار ہے،، ستھرا پنجاب کے تحت ایک لاکھ 40 ہزار 400 ورکرز اور دو ہزار سے زائد افسران کام کر رہے ہیں، اب تک 94 لاکھ 4 ہزار ٹن ویسٹ ٹھکانے لگایا جا چکا ۔
عظمیٰ بخاری نے کہا ستھرا پنجاب اور الیکٹرک بس سروس عوام میں سب سے زیادہ پذیرائی حاصل کرنے والے منصوبے ہیں، الیکٹرک بسوں کا فیز ٹو شروع ہو چکا جس کے تحت 200 نئی بسیں فراہم کی جا رہی ہیں، فیز ٹو میں بہاولپور، راجن پور اور گجر خان سمیت کئی اضلاع کو بسیں دی جائیں گی،روزانہ 8 لاکھ شہری الیکٹرک بسوں پر جبکہ 4 میٹرو بس سروسز کے ذریعے 9 لاکھ مسافر سفر کر رہے ہیں۔
مریم نواز سب سے زیادہ منصوبے شروع، مکمل کرنےوالی وزیراعلیٰ ہیں، عظمیٰ بخاری
















