لاہور (اپنے رپورٹر سے) صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے پنجاب انسٹیٹیوٹ آف مینٹل ہیلتھ کا دورہ کیااوراجلاس کی صدارت کی۔ اس موقع پر پارلیمانی سیکرٹری رشدہ لودھی اور چیئرپرسن ویمن پروٹیکشن اتھارٹی حنا پرویز بٹ موجود تھیں۔اجلاس کے دوران پنجاب انسٹیٹیوٹ آف مینٹل ہیلتھ میں مریضوں کی بحالی کیلئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔صوبائی وزیر نے نئی زیر تعمیراو پی ڈی کو بھی جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے فی میل وارڈ کو بھی جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف مینٹل ہیلتھ لاہور پاکستان میں ذہنی امراض میں مبتلا مریضوں کے علاج و معالجہ کی سب سے بڑی علاج گاہ ہے۔سرکار پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف مینٹل ہیلتھ میں داخل مریضوں کو ادویات، ڈائیگناسٹکس، رہائش اور کھانے کی مفت سہولیات فراہم کر رہی ہے۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ ہمارے معاشرے میں ذہنی امراض میں مبتلا مریضوں کی ری ہیبلی ٹیشن کے حوالہ سے آگاہی پھیلانے کی ضرورت ہے۔ ہمیں بطور کمیونٹی ایسے مریضوں کی بحالی کیلئے اپنی توانائیاں صرف کرنی چاہئیں۔ دریں اثناءصوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن میں اہم اجلاس منعقدہوا۔اجلاس کے دوران پنجاب کے وزیر اعلیٰ پنجاب کے صحت پروگرامز، ٹیچنگ ہسپتالوں کی کارکردگی، ایچ آر کی کمی کو پورا کرنے کیلئے اقدامات، پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کے پیرامیٹرز و دیگر منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔متعلقہ افسران نے اس حوالے سے تفصیلات سے آگاہ کیا۔ صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویڑن کے مطابق عوام تک صحت کی بہترین سہولیات کی فراہمی کیلئے کوشاں ہیں۔حکومت پنجاب صوبہ بھرمیں نئے ہسپتالوں کا جال بھی بچھا رہی ہے۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ لاہور میں 915 بستروں پر مشتمل سٹیٹ آف دی آرٹ نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کینسر ٹریٹمنٹ اینڈ ریسرچ بنایا جا رہا ہے۔لاہور میں اسٹیٹ آف دی آرٹ جناح انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی جبکہ سرگودھا میں نوازشریف انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی بنایا جا رہا ہے۔حال ہی میں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ساملی ہسپتال مری میں نواز شریف کارڈیالوجی سنٹر کا افتتاح کیا ہے۔نئے ہسپتالوں کے ساتھ ساتھ نئے میڈیکل کالجز بھی بنا رہے ہیں۔صوبائی وزیرصحت خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ کوشش ہے کہ ہسپتالوں میں پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کے وضع کئے گئے سٹینڈرز کو حاصل کر سکیں۔پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کو بھی ہسپتالوں کی انسپکشن کا عمل جاری رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ہسپتالوں میں مریضوں کا بہترین علاج و معالجہ اولین ترجیح ہے۔پنجاب پبلک سروس کمیشن کے ذریعے بھی نئے ڈاکٹرز کو مسلسل بھرتی کیا جارہاہے۔
پنجاب انسٹیٹیوٹ آف مینٹل ہیلتھ کی مزید بہتری کیلئے اصلاحات لا رہے ہیں:سلمان رفیق



















