پی ایم ڈی سی کا پرچہ آﺅٹ ہوا تو صوبہ ذمہ دار ہوگا: وفاقی وزیر صحت

کراچی (بیورو رپورٹ) وفاقی وزیر صحت سید مصطفی کمال نے کہا ہے کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار پی ایم ڈی سی کا بہترین امتحان ہونے جا رہا ہے، اگر کوئی پرچہ آوٹ ہوا تو صوبہ ذمہ دار ہو گا۔ کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب میں مصطفی کمال نے کہا کہ ایم ڈی کیٹ کے امتحانات پر ہر سال سوالات اٹھتے ہیں، ہر صوبے کا میڈیکل سلیبس الگ ہے، اس پر کہا جاتا ہے آﺅٹ آف سلیبس سوال آ گیا، پی ایم ڈی سی نے پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار چھ ہزار سوالات کا ’کوئسچن بینک‘ بنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر صوبے کو تین تین سوالنامے دیدئیے گئے ہیں، صوبے کی مرضی ہے کون سا سوالنامہ دے، پی ایم ڈی سی نے پہلی بار مسائل کا حل نکالا ہے، مارچ سے اس سوالات بینک پر کام چل رہا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ٹیسٹ کیلئے 9 ہزار روپے فیس طالب علم سے لی گئی ہے جس میں سے ساڑھے 7 ہزار صوبوں کو دیدیا گیا ہے جبکہ 1500 روپے ایڈمنسٹریٹو ضروریات کیلئے پی ایم ڈی سی نے رکھے ہیں۔ مصطفی کمال نے کہا کہ 26 تاریخ کو امتحان ہونے جا رہا ہے جس کیلئے ایک لاکھ 40 ہزار 290 طالب علموں نے رجسٹریشن کروائی ہے، 22 ہزار طالب علموں کو داخلے دئیے جائیں گے، 33 سینٹرز قائم کئے گئے ہیں جن میں 32 پاکستان میں اور ایک ریاض میں بنایا گیا ہے۔