امریکہ کا دورہ دونوں ملکوں میں پائیدار دفاعی تعلقات کی عکاسی کرتا ہے :سربراہ پاک بحریہ

اسلام آباد (بیورو رپورٹ) پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف نے دوطرفہ بحری تعاون اور دفاعی تعلقات کو مزیدمستحکم کرنے کی جاری کوششوں کے تحت امریکہ کا دورہ کیا۔ دورے کے دوران نیول چیف نے امریکی ڈپٹی چیف آف دی نیول سٹاف آپریشنز وائس ایڈمرل ایویٹ ڈیوڈز اور قائم مقام وائس کمانڈنٹ، یوایس کوسٹ گارڈ وائس ایڈمرل تھامس جی ایلن جونیئر سے ملاقات کی۔ ان ملاقاتوں کے دوران پیشہ ورانہ دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی اور پیشہ ورانہ تربیت اور میری ٹائم تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ نیول چیف نے نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کا دورہ کیا اور صدر وائس ایڈمرل پیٹر اے گارون سے ملاقات کی۔ امیر البحر نے امریکی محکمہ خارجہ کا بھی دورہ کیا اور سیاسی وعسکری امور کے بیورو میں ڈپٹی اسسٹنٹ سیکرٹری سٹینلے ایل براو¿ن سے ملاقات کی۔ ان ملاقاتوں میں سیاسی اور عسکری تعاون، بحری سلامتی، باہمی صلاحیتوں میں اضافے کے مواقع اور مشترکہ بحری مفادات پر بات چیت کی گئی۔ چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے امریکی سکالرز اور تھنک ٹینک کے ماہرین سے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے علاقائی میری ٹائم سکیورٹی چیلنجز اور مشترکہ میری ٹائم کوششوں میں پاک بحریہ کے تعاون پر روشنی ڈالی اور کہا یہ دورہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان پائیدار دفاعی تعلقات کی عکاسی کرتا ہے اور میری ٹائم سکیورٹی کو فروغ دینے کے باہمی عزم کا اعادہ کرتا ہے۔