پاکستان کی خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا: ن لیگ سویڈن

سٹاک ہوم (مشرق نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) سویڈن چیپٹر کا سالانہ اجلاس گزشتہ روز نہایت منظم اور پروقار انداز میں منعقد ہوا۔ آغاز تلاوت کلام پاک سے کیا گیا جس کے بعد اجلاس کی کارروائی باقاعدہ طور پر شروع ہوئی۔ اجلاس کی صدارت قائم مقام چیئرمین جنید نواز چوہدری اور قائم مقام صدر مسعود منہاس نے کی جبکہ پارٹی کے متعدد عہدیداران اور اراکین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اجلاس بلانے کا بنیادی مقصد موجودہ سیاسی و جغرافیائی صورتحال کا جائزہ لینا اور پاک فوج کے دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشن کی مکمل حمایت کا اظہار کرنا تھا۔ اجلاس میں پاک افغان سرحد کی تازہ صورتحال پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر مقررین نے کہا کہ افغانی ہمارے بھائی ہیں اور پاکستان ہمیشہ پرامن تعلقات اور باہمی احترام کا خواہاں رہا ہے مگر جو شرپسند اور دہشت گرد عناصر پاکستان کی سلامتی کو نقصان پہنچانے کی کوشش کرتے ہیں، انکے خلاف ہم اپنی افواج پاکستان کے ساتھ مکمل یکجہتی اور حمایت کا اظہار کرتے ہیں۔ اجلاس کے شرکاءنے متفقہ طور پر کہا کہ تمام سمندر پار پاکستانی اپنی پاک فوج پر مکمل اعتماد رکھتے ہیں اور یقین رکھتے ہیں کہ پاکستان کی سالمیت، خودمختاری اور سرحدوں کے دفاع پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا۔ اجلاس میں گزشتہ مدت کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے فیصلہ کیا گیا کہ نئی تنظیمی مدت کیلئے لوکل باڈی کی تجدید اور منظوری کیلئے سفارشات مرکزی قیادت پاکستان مسلم لیگ (ن) انٹرنیشنل افئیرز نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، سینئر نائب صدر و چیف کوآرڈینیٹر مسلم لیگ (ن) انٹرنیشنل افئیرز بیرسٹر امجد ملک اور جنرل سیکرٹری مسلم لیگ (ن) انٹر نیشنل افئیرز نور الحسن تنویر کو ارسال کر دی گئیں۔ تجویز کردہ نئی تنظیمی باڈی میں درج ذیل عہدیداران شامل ہیں جن میں چیف پیٹرن غلام محمد بھلی، پیٹرن جنید نواز چوہدری، چیئرمین شیخ سعید / راجہ محمد بلال، صدر مسعود منہاس، سینئر نائب صدر راجہ محمد اعجاز، جنرل سیکرٹری حافظ سجاد احمد، ڈپٹی جنرل سیکرٹری اشتیاق خان، جوائنٹ سیکرٹری سردار تیمور عزیز کشمیری جبکہ نائب صدور میں طارق چوہدری، رضوان بھٹی، بلال راجہ، میاں یاسر اور دیگر شامل ہیں۔ اجلاس میں سرپرست اعلیٰ غلام محمد بھلی، نائب صدر طارق چوہدری، نائب صدر رضوان بھٹی، اعجاز راجہ، محمد بلال راجہ، اشتیاق خان، سردار تیمور عزیز کشمیری، میاں یاسر اور دیگر معزز اراکین نے شرکت کی۔ تمام شرکاءاجلاس نے متفقہ طور پر قائم مقام صدر مسعود منہاس اور چیئرمین جنید نواز چوہدری پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا اور ان کی قیادت پر بھرپور اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ ٹیم پارٹی کے نظرئیے، تنظیمی ڈھانچے اور اوورسیز پاکستانیوں کی نمائندگی کو مزید مضبوط بنائیگی۔ آخر میں شرکاءاجلاس نے پارٹی قائدمیاں نواز شریف اور صدرمیاں شہباز شریف کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا اور وطن عزیز پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور دفاع کیلئے خصوصی دعا کی۔