دہشتگردی کے خاتمے کا آغاز سہولت کاروں سے ہونا چاہئے، مریم اورنگزیب
لاہور: (سٹاف رپورٹر)سینئر صوبائی وزیرمریم اورنگزیب نے کہا ہے دہشتگردی کی واپسی کا ذمہ دار بانی پی ٹی آئی ہے ،دہشتگردی کے خاتمے کا آغاز سہولت کاروں سے ہونا چاہئے۔
اپنے بیان میں مریم اورنگزیب نے کہا سابق وزیراعظم نواز شریف نے پوری قوم کو دہشتگردی کےخلاف یکجا کیا اور متفقہ نیشنل ایکشن پلان بنایا لیکن بانی پی ٹی آئی نے خلاف ورزی کی،نواز شریف نے پوری قوم کو دہشتگردی کےخلاف بیانیے پر جمع کیا لیکن 2018 کے بعد سے دوبارہ خیبر پختونخوا میں دہشتگردوں کی پشت پناہی ہوئی، قومی پالیسی کی خلاف ورزی اور دہشتگردوں کو واپس لانے کا مجرم بانی پی ٹی آئی ہے،حساب دینا ہوگا۔
سینئر صوبائی وزیر نے کہادہشتگردی سے شہید ہونےوالے ہر پاکستانی کا لہو عمران خان کے ہاتھوں پر ہے،نواز شریف نے پاکستان کو محفوظ بنایا ، بانی پی ٹی آئی نے نہ صرف دہشتگردوں کو پناہ ،رہائش ،پیسہ دیا،خیبرپختونخوا میں لاکر آباد بھی کیا،پاک فوج،پولیس، رینجرز اور بچوں سمیت عوام کے ہر طبقے نے عظیم قربانیاں دیں لیکن بانی پی ٹی آئی نے دہشتگردوں کا ساتھ دےکر عوام ،شہیدوں کے لہو سے بے وفائی اور قربانیوں کی توہین کی۔


















