ملائیشیا کی یونیورسٹی سے وزیراعظم کو پی ایچ ڈی کی اعزازی ڈگری سے نواز دیا


پہانگ:(مشرق نیوز)ملائیشیا کی یونیورسٹی نے وزیراعظم شہبازشریف کو پی ایچ ڈی کی اعزازی ڈگری سے نواز دیا،تقریب ملائیشیا کی ریاست پہانگ میں ہوئی، ملکہ تنکو عزیزہ آمینہ میمونہ سکندریہ نے اعزازی ڈگری سے نوازا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پہانگ کی ملکہ تنکو عزیزہ آمینہ میمونہ سکندریہ نے کہاوزیراعظم شہباز شریف نے بصیرت، نظم و ضبط اور ہمدردی سے قوم کی خدمت کی،پنجاب کی قیادت سے لےکر وزارت عظمیٰ تک ثابت کیا حقیقی قیادت طاقت نہیں مقصد سے جڑی ہوتی ہے،پنجاب ایجوکیشن انڈوومنٹ فنڈ کے ذریعے ہزاروں طلبہ کیلئے اعلیٰ تعلیم کے دروازے کھولے، وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت اور طرزحکمرانی میں اعزازی ڈاکٹریٹ عطا کرنا اعزاز ہے۔

شہباز شریف نے کہا بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی ملائیشیا سے قیادت و حکمرانی میں ڈاکٹریٹ کی ڈگری حاصل کرنا میرے لئے اعزاز ہے،ہمیشہ خلوص نیت اورثابت قدمی کے ساتھ عوام کی خدمت کرتا ہوں،مسلم دنیا کی معزز ترین درسگاہ سے منسلک ہونا باعث اعزاز ہے۔

وزیراعظم نے کہا درسگاہ علم، ایمان اور اخلاق کو یکجا کر کے اعلیٰ تعلیم کے مقصد کو آگے بڑھا رہی ہے، خواہش ہے پاکستان اورملائیشیاءکی یونیورسٹی کے درمیان علمی تعاون مزید مضبوط ہو،ذمہ داری ہے نوجوانوں کو مواقع فراہم کریں، قیادت کوئی امتیاز نہیں بلکہ امانت ہے، قیادت کو دیانت، اخلاص، عدل اور شفاف احتساب کےساتھ ادا کرنا لازم ہے،شہبازشریف نے کہاامت مسلمہ کو تنازعات، غربت ،باہمی انتشار سمیت بے شمار چیلنجز کا سامنا ہے، پاکستان ،ملائیشیا نوجوان آبادی سے مالا مال ہیں، ذمہ داری ہے اپنے نوجوانوں کو انسانیت کی خدمت کیلئے مواقع فراہم کریں۔