شادی مجموعی صحت کیلئے فائد مند، خوشی اور سکون کا بھی سبب

واشنگٹن، ٹوکیو (مشرق نیوز) امریکہ اور جاپان میں کی جانے والی ایک طویل اور منفرد تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ شادی انسان کی مجموعی صحت کیلئے فائدہ مند ہوتی ہے، اس سے خوشی اور سکون بھی حاصل ہوتا ہے۔ طبی ویب سائٹ کے مطابق امریکہ کی مشی گن یونیورسٹی اور سنگاپور مینجمنٹ یونیورسٹی کی ایک مشترکہ تحقیق کے مطابق شادی سے لوگوں کی صحت اور خوشی میں نمایاں بہتری آتی ہے۔

تحقیق میں امریکہ اور جاپان کے تقریباً 5,000 بالغ افراد کو شامل کیا گیا، جن میں سے 3,505 شادی شدہ اور 308 غیر شادی شدہ امریکی جبکہ 710 شادی شدہ اور 164 غیر شادی شدہ جاپانی تھے۔ تحقیق سے پتہ چلا کہ غیر شادی شدہ افراد کی نسبت شادی شدہ افراد کی صحت اور زندگی پرسکون اور اطمینان بخش ہوتی ہے۔

تحقیق میں شامل امریکی شادی شدہ افراد نے بتایا کہ انہیں اپنے خاندان سے زیادہ تعاون ملتا ہے، جس سے ان کی خوشی میں اضافہ ہوتا ہے۔ تحقیق میں شامل غیر شادی شدہ امریکیوں اور جاپانیوں نے خاندانی دباو کی شکایت کی اور کہا کہ خاندانی اور سماجی دباو کی وجہ سے ان کی خوشی متاثر ہوتی ہے جب کہ بعض افراد نے کہا کہ وہ دباو کے اثر کو محسوس نہیں کرتے۔

تحقیق کا حصہ بننے والی امریکی غیر شادی شدہ افراد نے بتایا کہ وہ اکثر تنہائی اور جذباتی حمایت کی کمی محسوس کرتے ہیں جبکہ جاپانی غیر شادی شدہ افراد خاندانی دباو سے نمٹنے کیلئے مختلف طریقے اپناتے ہیں اور وہ خاندان سے دوری بھی اختیار کرنے سے گریز نہیں کرتے۔ تحقیق میں یہ بھی بتایا گیا کہ جاپان میں شادی کے بارے میں معاشرتی توقعات کی وجہ سے لوگ خاندانی دباو کو زیادہ برداشت کر لیتے ہیں لیکن طویل مدت میں یہ دباو تنہائی یا پچھتاوے کا باعث بن سکتا ہے۔

ماہرین کا کہنا تھا کہ غیر شادی شدہ افراد کو شادی شدہ افراد جیسے کچھ فوائد حاصل ہو سکتے ہیں لیکن معاشرتی حیثیت کے لحاظ سے وہ شادی شدہ افراد سے پیچھے رہتے ہیں۔ ماہرین نے کہا کہ خصوصی طور پر ایشیائی ممالک غیر شادی شدہ افراد کی مشکلات زیادہ ہوتی ہیں، کیونکہ وہاں بغیر شادی کے ساتھ رہنا کم قبول کیا جاتا ہے۔