تبدیلی ناگزیر،ہر ڈویژن کوصوبہ ہونا چاہیے:مفتاح اسماعیل
لاہور: (اپنے رپورٹر سے) سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے ہر ڈویژن کوصوبہ ہونا چاہیے،اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی تک معاملات ٹھیک نہیں ہوں گے۔
پینل ڈسکشن کے دوران خطاب کرتے ہوئے مفتاح اسماعیل نے کہا پاکستان میں چہرے بدلے لیکن ترقی نہیں ہوئی، لاہور کے مال روڈ پر ہر جگہ تصاویر ہی نظر آتی ہیں،گورننس ٹھیک نہیں تو پھر تبدیلی لانی پڑے گی، پاکستان بہت عرصے سے ٹھیک نہیں چل رہا،6 برسوں میں ٹیکس اتنا ہوگیا انکم کم ہوگئی، 2کروڑ 70 لاکھ بچے سکولوں سے باہر ہیں،2019 کے بعد پاکستان کے ہیومن انڈیکس میں 6 پوائنٹ کم ہوئے، حکومت ٹیکس تو لیتی ہے لیکن سہولیات نہیں دے رہی، تعلیم، صحت میں فیل ،بھارت، بنگلہ دیش آگے نکل گئے، پاکستان میں قوت خرید تیزی سے کم ہو رہی ہے۔
سابق وزیر خزانہ نے کہا3 سال سے قوم غریب ہو رہی ہے، ہر ملک سے پیچھے کی طرف جا رہے ہیں، پولیس کا نظام ٹھیک نہیں ، خطے میں سب سے مہنگی بجلی، گیس کا ریٹ ہے، بڑی کمپنیاں بزنس چھوڑ کر جا رہی ہیں،بہن مریم نواز جاگ پنجابی جاگ کے نعرے لگا رہی ہیں اگر پنجابی جاگ گئے تو تیرا کیا ہوگا ، پنجاب کے سکول، ہسپتال بیوروکریٹ چلا رہا ہے، بچے، بچیوں کی تعلیم پر خصوصی توجہ دینا ہوگی۔
مفتاح اسماعیل نے کہا کسی کی نیت خراب نہیں، گورننس کا سٹرکچر خراب ہے، جب بچوں کو تعلیم نہیں دیں گے تو غریب کیسے آگے بڑھے گا؟ ،ہر ڈویژن کوصوبہ ہونا چاہیے، بلوچستان میں شفاف الیکشن کے ذریعے اختیارات کو نچلی سطح پر منتقل کیا جائے۔
















