عوام نے ہمیشہ مسلم لیگ (ن) پر بھرپور اعتماد کیا : سردار ایاز صادق

لاہور (اپنے رپورٹر سے) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر و بیت المال سہیل شوکت بٹ نے این اے 120 کی یو سی 175 واڑہ گجراں میں ترقیاتی کاموں کا افتتاح کر دیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا کہ علاقے کے عوام کو مبارکباد پیش کرتا ہوں کہ یہاں وہ کام ہونے جا رہا ہے جس کے بعد مسائل کا خاتمہ ہوگا۔ علاقے میں سیوریج کیلئے سب سے بڑے سائز کے پائپ ڈالے جا رہے ہیں جس پر 20 کروڑ روپے کی لاگت آئے گی۔ کسی گلی کو چھوڑا نہیں جائے گا اور دو نئے ٹیوب ویل بھی لگائے جا رہے ہیں۔ 55 کروڑ روپے کی لاگت سے سڑکوں کی تعمیر و مرمت کی جائیگی جبکہ مجموعی طور پر 36 تا 37 ارب روپے کے ترقیاتی منصوبے حلقے میں مکمل ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ اگلے سال تک کوئی بھی گلی کچی نہیں رہے گی۔ سپیکر نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا شکریہ ادا کیا جن کی قیادت میں یہ منصوبے حقیقت بن رہے ہیں۔انہوں نے مزید اعلان کیا کہ مناواں ہسپتال کو دوبارہ جنرل ہسپتال بنایا جا رہا ہے تاکہ عوام کو صحت کی معیاری سہولتیں میسر آسکیں۔اس موقع پر صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر و بیت المال سہیل شوکت بٹ نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت عوامی خدمت کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی قیادت میں لاہور کے تمام حلقوں میں یکساں ترقیاتی منصوبے جاری ہیں۔ علاقے کے سیوریج، سڑکوں اور صاف پانی جیسے مسائل حل ہونا اب دور کی بات نہیں بلکہ حقیقت بن چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عوام نے ہمیشہ مسلم لیگ (ن) پر اعتماد کیا ہے اور ہم اس اعتماد کو عوامی خدمت سے پورا کریں گے۔ یو سی 175 سمیت پورے حلقے کی ترقی کیلئے مزید منصوبے بھی جلد شروع کیے جائیں گے۔ سہیل شوکت بٹ نے کہا کہ عوامی مسائل حل کرنا ہی ہماری اولین ترجیح ہے اور یہ ترقیاتی کام آنے والی نسلوں کیلئے بھی فائدہ مند ثابت ہوں گے۔خارجہ امور پر گفتگو کرتے ہوئے سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ ہم اسرائیل کو تسلیم نہیں کر رہے۔ وہاں جنگ نہیں بلکہ قتل عام ہو رہا ہے۔ پاکستان اور 8 دیگر ممالک نے اسرائیل سے غزہ سے نکلنے کا مطالبہ کیا ہے۔ اس مسئلے پر سیاست نہیں کرنی چاہیے کیونکہ یہ نہ تو فلسطینی عوام کی خدمت ہے اور نہ ہی پاکستان کے مفاد میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب امریکہ بھی اعتراف کر رہا ہے کہ اسرائیل میں ظلم ہو رہا ہے۔اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ سی پیک پاکستان کی ترقی کا منصوبہ ہے، جس کے خلاف سازشیں کی گئی ہیں۔ آج سی پیک ٹو پر بھی سازشیں ہو رہی ہیں، مگر حکومت اور سیکیورٹی ادارے مل کر ہر سازش کرنے والوں کا محاسبہ کریں گے۔انہوں نے کہا کہ سینیٹر مشتاق کی رہائی کیلئے حکومت بھرپور کوششیں کر رہی ہے۔ آزاد کشمیر میں جن افراد نے قانون ہاتھ میں لیا ہے ان کے خلاف سخت سے سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔خطاب کے آخر میں سردار ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان معاہدے کے تحت روضہ رسول اور خانہ کعبہ کی حفاظت ہماری ذمہ داری ہے۔ سعودی عرب پر حملہ پاکستان پر حملہ تصور ہوگا اور پاکستان پر حملہ سعودی عرب پر حملہ سمجھا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر پاکستان کا وقار بڑھ رہا ہے اور امریکہ و ترکی کے صدور پاکستان سے ملاقاتیں کر رہے ہیں جو اس بات کا ثبوت ہے۔