پنجاب حکومت خیبر پختونخوا کی نقل کرتی ہے،مزمل اسلم
پشاور:(بیورورپورٹ)مشیر خزانہ کے پی مزمل اسلم نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے بیانات پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے پنجاب حکومت خیبر پختونخوا کی نقل کرتی ہے، اگر واقعی مریم نواز قرض نہیں لینا چاہتیں تو اچھی بات ہے، لیکن سوال ہے پنجاب کے سیلاب متاثرین کو کب سے رقم ملنا شروع ہوگی، پنجاب حکومت کو اب تک سیلاب سے ہونے والے نقصانات کا تخمینہ ہی معلوم نہیں، تو متاثرین تک مالی امداد کیسے پہنچے گی؟۔
مزمل اسلم نے الزام لگایا پنجاب حکومت اکثر خیبرپختونخوا کے منصوبوں اور خودداری کی نقل کرتی ہے، لہٰذا خیبرپختونخوا کی طرح تین ہفتوں میں سیلاب متاثرین کو معاوضے کی ادائیگی کی پالیسی بھی اپنا لے، مریم نواز کے بقول مری سے آگے خیبرپختونخوا ایسا لگتا ہے جیسے پاکستان کا حصہ نہیں حالانکہ مری مال روڈ پر انگریز دور کے بعد ایک اینٹ بھی نہیں لگی، نتھیا گلی میں 12 ارب روپے کی لاگت سے ہلٹن ہوٹل تعمیر کیا جا چکا ہے، مری کے پاس اپنا پانی تک نہیں اور وہ خیبرپختونخوا سے پانی لیتا ہے، پنجاب حکومت خیبرپختونخوا کے 64 ارب روپے پانی کے بل کی مقروض ہے، اگر پنجاب حکومت واقعی خودداری دکھانا چاہتی ہے تو خیبرپختونخوا کے پانی کے واجبات فوری ادا کرے۔
















