بلوچستان میں آپریشن،بھارتی حمایت یافتہ 7 دہشتگرد جہنم واصل

راولپنڈی:(بیورورپورٹ) بلوچستان میں آپریشن،سکیورٹی فورسز نے بھارتی حمایت یافتہ 7 دہشتگرد وں کوجہنم واصل کردیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن خفیہ اطلاع پر کیا گیا ،دہشتگرد گروہ ”فتنہ الخوارج“ سے تعلق رکھنے والے عناصر نشانہ بنے، کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد برآمد کیا گیا،سکیورٹی فورسز ملک کو دہشت گردی کی لعنت سے مکمل طور پر پاک کرنے کےلئے پرعزم ہیں اور ایسی کارروائیاں جاری رہیں گی۔

علاوہ ازیں وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر داخلہ محسن نقوی نے بلوچستان کے ضلع شیرانی میں بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔

وزیر اعظم نے کہا نہتے اور معصوم شہریوں کی جان و مال کو نقصان پہنچانے والے دہشتگردوں کو شکست فاش دی گئی، ملکی سالمیت کو نقصان پہنچانے کے خواہشمند عناصر کو ہرگز کامیاب نہیں ہونے دیا جائےگا، دہشتگردی کی عفریت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرکے دہشت گردوں کے مذموم عزائم خاک میں ملا دیئے،قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔