جنرل ہسپتال، ملازمین کی طرف سے اپنی جاب فائل مکمل کرنے کے احکامات نظرانداز

لاہور (انویسٹی گیشن سیل/ آصف مغل) لاہور جنرل ہسپتال کے ملازمین نے 30 ستمبر گزر جانے کے باوجود ایم ایس لاہور جنرل ہسپتال کی طرف سے اپنی جاب فائل مکمل کرنے کے احکامات نظرانداز کردئیے۔ تفصیلات کے مطابق لاہور جنرل ہسپتال کے ایم ایس آفس سے 26 ستمبر کو ہسپتال ملازمین کو اپنی محکمانہ فائل 30 ستمبر تک ہر صورت مکمل کرنے کا نوٹس جاری ہوا جس پر ابھی تک عملدرآمد نہیں ہوسکا۔ اطلاعات کے مطابق محکمہ فائل مکمل ہونے کے احکامات پیرا میڈیکل سٹاف، الائیڈ ہیلتھ پروفیشنلز، نرسنگ کیڈر اور تمام ڈاکٹرز کو جاری کئے گئے ہیں۔ سالانہ کارکردگی رپورٹ پر ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹ ، نرسنگ سپرنٹنڈنٹ متعلقہ ڈی ایم ایس، اے ایم ایس اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کی دستخط ہونا ضروری ہوتے ہیں، ان تمام افسران کی عدم توجہ کے باعث ملازمین کی فائلیں کئی سال سے مکمل نہ ہو سکی اور سالوں سے ان میں سالانہ کارکردگی رپورٹ نہ لگائی جا سکی۔پیرا میڈیکل سٹاف کی کارکردگی رپورٹ پر ڈی ایم ایس اتھارٹی ہے۔ الائیڈ ہیلتھ پروفیشنلز کی کارکردگی رپورٹ پر اے ایم ایس اتھارٹی ہیں۔ نرسز کی کارکردگی رپورٹ پر نرسنگ سپرنٹنڈنٹ اتھارٹی ہیں اور ڈاکٹرز کی کارکردگی رپورٹ پر اتھارٹی میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ہیں جبکہ سینئر رجسٹرار اسسٹنٹ پروفیسر اسوسی ایٹ پروفیسر اور پروفیسر کی کارکردگی رپورٹ پر اتھارٹی پرنسپل جنرل ہسپتال ہیں۔ جنرل ہسپتال میں ہیومن ریسورس فائلز مکمل نہ ہونے کی بڑی وجہ ملازمین کا اپنی فائلز کا خراب ہونے کا ڈر ہے۔ ملازمین کا کہنا ہے کہ ہسپتال میں پسند اور ناپسند کا نظام چل رہا ہے۔ جو ملازم ایم ایس اے ایم ایس اور ڈی ایم ایس کا کار خاص ہے ان کی فائلز پر ایم ایس بہت اچھا لکھ دیتے ہیں اور وہ لوگ اپنی پسند کی ڈیوٹی بھی کر رہے ہیں۔ سکیورٹی گارڈ سکیورٹی سپروائزر بنے ہوئے ہیں سویپر سینٹری سپروائزر بنے ہوئے ہیں نیب قاصد سپروائزرز بن کے اپنی مرضی کی ڈیوٹی ہسپتال میں سر انجام دے رہے ہیں۔ اگر ان کی کوئی غیر قانونی بات ماننے سے انکار کر دے تو یہ لوگ ایم ایس اے ایم ایس اور ڈی ایم ایس کے ذریعے انہیں بلیک میل کرتے ہیں اور ان کی فائل میں ایکسپلینیشن لیٹرز ،شو کاز اور وارننگ لیٹر لگا کر سنگین مسائل پیدا کردیے جاتے ہیں۔ ان تمام مسائل کا سامنا کرتے ہوئے ملازمین اپنی سالانہ کارکردگی رپورٹ بنانے میں سست روی کا شکار ہوتے ہیں۔ ذ رائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ افسران بالا کی خراب کارکردگی اور عدم دلچسپی کی وجہ سے ہسپتال کے تمام ملازمین کی فائلیں نامکمل ہیں اور پنجاب کا ایک بڑا ہسپتال ہیلتھ کیئر کمیشن کے لائسنس کا منتظر ہے۔