ڈپریشن کے شکار افراد میں دل کی بیماری کا خدشہ زیادہ ہوتا ہے: ماہرین

نیویارک (مشرق نیوز) دنیا بھر میں آج دل کی صحت سے متعلق آگاہی کا دن منایا جا رہا ہے جس کا مقصد دل کی بیماریوں سے بچاو¿ کے بارے میں شعور اجاگر کرنا ہے۔ اس سال کی تھیم ”ڈانٹ مس آ بیٹ‘ ‘ یعنی کہ ”دل کی ایک دھڑکن کو بھی نظر انداز نہ کریں“۔

ماہر امراض قلب کے مطابق ڈیپریشن کے شکار افراد میں دل کی بیماری کا خدشہ عام افراد کے مقابلے میں 40 سے 60 فیصد زیادہ ہوتا ہے۔ دل کی بیماری ماضی میں صرف بڑی عمر کے افراد کا مسئلہ سمجھی جاتی تھی لیکن حالیہ برسوں میں نوجوان بھی اس سے متاثر ہو رہے ہیں۔

نوجوانوں میں امراض قلب ہر گزرتے دن کے ساتھ بڑھ رہے ہیں، تشویشناک امر یہ ہے کہ کم عمر بچوں میں بھی دل کی بیماریاں اور ہارٹ اٹیک کے کیس رپورٹ ہو رہے ہیں۔ طبی ماہرین کے مطابق 20 سے 30 سال تک کے نوجوان بھی مختلف امراض قلب میں مبتلا ہو رہے ہیں۔

ماہرین طب کے مطابق نوجوانوں میں دل کی بیماریوں میں اضافے کی بڑی وجوہات میں طرز زندگی میں تبدیلی، موٹاپا، کھانے پینے میں بے احتیاطی، تمباکو نوشی اور ورزش نہ کرنا شامل ہے۔ یہ عوامل نہ صرف دل کو متاثر کرتے ہیں بلکہ انسان کو فالج، شوگر اور بلڈ پریشر جیسے امراض میں بھی مبتلا کر سکتے ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ نوجوانوں میں اچانک دل کے دورے اور دل کی بیماریوں میں اضافے کا سبب ڈپریشن اور ذہنی دباو بھی ہے۔ ڈپریشن کے باعث جسم میں تناو¿ کے ہارمونز بڑھ جاتے ہیں، بلڈ پریشر اور دل کی دھڑکن بے ترتیب ہو جاتی ہے۔ ایسے میں خون کی شریانوں کو نقصان پہنچتا ہے اور اچانک دل کے دورے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔