پاکستان ،فلسطین کے درمیان شعبہ صحت میں تعاون کا معاہدہ
اسلام آباد:(بیورورپورٹ)پاکستان ،فلسطین کے درمیان شعبہ صحت میں تعاون کا معاہدہ طے پاگیا،مفاہمتی یادداشت پر پاکستان کی جانب سے وفاقی وزیر صحت مصطفی کمال ،فلسطین کی جانب سے پاکستان میں تعینات فلسطینی سفیر نے دستخط کیے، تقریب میں وفاقی سیکرٹری صحت حامد یعقوب، ایڈیشنل سیکرٹری ہیلتھ اور ڈی جی ہیلتھ بھی شریک تھے۔
مصطفی کمال نے معاہدے پر موثر عملدرآمد کےلئے آئندہ 30 روز میں ”پاکستان فلسطین ہیلتھ ورکنگ گروپ“ قائم کیا جائےگا،معاہدے کے تحت جدید طبی شعبہ جات میں استعداد کار بڑھانے پر خصوصی توجہ دی جائےگی،دونوں ممالک انٹروینشنل کارڈیالوجی، آرگن ٹرانسپلانٹ، آرتھوپیڈک سرجری، اینڈوسکوپک الٹراساونڈ، برن اینڈ پلاسٹک سرجری جیسے اہم شعبوں میں ملکر کام کریں گے۔
وزیر صحت نے کہا متعدی ، آنکھوں کے امراض اور دواسازی کے شعبے میں بھی تعاون کو فروغ دیا جائے گا،مشترکہ تحقیق کے مواقع تلاش کرنے پر توجہ دی جائے گی،پاکستانی عوام کے دل فلسطین کےساتھ دھڑکتے ہیں، ہر ممکن مدد فراہم کرنے کےلئے تیار ہیں،فلسطینی سفیر نے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا فلسطین ،پاکستان دونوں برادر ممالک ہیں ،عوام کی صحت کے معیار کو بہتر بنانے کےلئے ملکر کام کرتے رہیں گے۔



















