لاہور (مشرق نیوز) سابق کپتان وسیم اکرم نے فارم میں واپسی کیلئے بابر اعظم کو بڑا مشورہ دیدیا۔ سابق کپتان اور سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم نے اسٹار بیٹر بابراعظم کی حالیہ کارکردگی اور فارم پر کھل کر خیالات کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے بابر اعظم کو ہدایت کی کہ وہ دباو سے نکلیں، تنقید کو نظر انداز کریں اور اپنی کلاس پر بھروسہ کرتے ہوئے ٹیم کیلئے بہترین اننگز کھیلیں۔
ایک نجی ٹی وی شو میں گفتگو کرتے ہوئے وسیم اکرم نے کہا کہ بابر اعظم ہمارے سپر سٹار اور دنیا کے بہترین کھلاڑیوں میں سے ایک ہیں۔انہوں نے کہا کہ میں بابر کو یہی مشورہ دوں گا کہ پرسکون رہیں، غیر ضروری پریس کانفرنسز کو اہمیت نہ دیں اور یاد رکھیں کہ فارم وقتی ہوتی ہے لیکن کلاس ہمیشہ کیلئے ہے، محنت جاری رکھیں، آپ دوبارہ دنیا کے بہترین بیٹرز میں شمار ہوں گے۔
وسیم اکرم نے مزید کہا کہ اگرچہ بابر اعظم پہلے ہی عالمی معیار کے بیٹر ہیں لیکن ان کی بہترین کارکردگی ابھی آنا باقی ہے، وہ مستقبل میں پاکستان کو اہم فتوحات بھی دلوائیں گے۔ انکا کہنا تھا کہ بابر اعظم کے پاس میچ ونر کی تمام صلاحیتیں موجود ہیں، ان میں ٹیلنٹ موجود اور تسلسل بھی ہے لیکن اب وقت آگیا کہ وہ اپنی بیٹنگ سے دو سے تین بڑے میچز جتوا کر اپنی حیثیت مزید منوائیں۔
خیال رہے کہ بابراعظم اس وقت فارم کے بحران سے گزر رہے ہیں، انکی آخری انٹرنیشنل سنچری ایشیا کپ 2023 میں نیپال کے خلاف سامنے آئی تھی۔ اس کے بعد سے وہ تین ہندسوں تک پہنچنے میں ناکام ہیں۔ سابق کپتان کو کمتر سٹرائیک ریٹ کے باعث پاکستان کی ٹی ٹوئنٹی ٹیم سے بھی ڈراپ کردیا گیا تھا۔
وسیم اکرم کا بابر اعظم کو دباﺅ سے نکلنے، تنقید نظر انداز کرنے کا مشورہ

















