شنگھائی روح کو فروغ دیکر بین الاقوامی تعلقات کی نئی قسم کی بنیاد رکھ دی: شی جن پنگ

تیانجن (شِنہوا) شنگھائی تعاون تنظیم 24 سال کی شاندار ترقی کے بعد ایک ایسی تنظیم کے طور پر ابھری ہے جس کا اثر و رسوخ اور عالمی سطح پر پہچان مسلسل بڑھ رہی ہے۔ یہ تنظیم چین میں اپنے قیام کے مقام پر اپنی اب تک کی سب سے بڑی سالانہ سربراہ کانفرنس منعقد کر رہی ہے۔چینی صدر شی جن پنگ اتوار سے پیر تک تیانجن میں اس سربراہ اجلاس کی صدارت کریں گے جہاں رکن ممالک سے توقع کی جاتی ہے کہ وہ اگلے 10سال کیلئے تنظیم کی ترقی کی حکمت عملی سمیت اہم دستاویزات کو منظور کریں گے۔توقع ہے کہ صدر شی ایس سی او کی اعلیٰ معیار کی ترقی اور ہمہ جہتی تعاون کی حمایت کیلئے چین کے نئے اقدامات اور کارروائیوں کا بھی اعلان کریں گے جبکہ تنظیم کیلئے دوسری جنگ عظیم کے بعد کے بین الاقوامی نظام کے تحفظ اور عالمی نظم و نسق کے نظام کو بہتر بنانے میں تعمیری طور پر حصہ ڈالنے کا راستہ بھی واضح کریں گے۔ جون 2001 میں شنگھائی میں قائم ہونے والی ایس سی او 6 بانی اراکین سے بڑھ کر 10 اراکین، 2 مبصرین اور 14 ڈائیلاگ پارٹنرز کے ساتھ 26 ممالک پر مشتمل ایک خاندان بن چکی ہے جو ایشیا، یورپ اور افریقہ تک پھیلا ہوا ہے۔ چین، روس اور بھارت جیسی بڑی ابھرتی ہوئی منڈیوں اور ترقی پذیر ممالک کی شمو لیت کے ساتھ ایس سی او دنیا کی تقریباً نصف آبادی اور عالمی معیشت کے ایک چوتھائی حصے کی نمائندگی کرتی ہے جو علاقائی استحکام اور عملی تعاون کا ایک اہم ستون ہے۔ شی تیانجن میں سربراہ اجلاس کی دوسری بار میزبانی کریں گے، چین کی قیادت سنبھالنے کے بعد سے شی نے ایس سی او کے 12 سربراہ اجلاسوں میں شرکت کی ہے جس سےایس سی او کی اسٹریٹجک سمت کو تشکیل دینے اور اسے عالمی نظم و نسق میں ایک زیادہ بااثر کردار کی طرف لے جانے میں مدد ملی ہے۔سربراہ اجلاس سے قبل شی نے کہا کہ ایس سی او ایک مضبوط فریم ورک میں پختہ ہو چکی ہے جو مضبوط قوت کا مظاہرہ کر رہی ہے،اس نے بین الاقوامی تعلقات کی ایک نئی قسم کی مثال قائم کی ہے۔دوسری طرف چینی صدر شی جن پنگ نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کے دوران کہا کہ چین اور بھارت حریف نہیں بلکہ ایک دوسرے کے تعاون پر مبنی شراکت دار ہیں اور دونوں ممالک ایک دوسرے کیلئے خطرات نہیں ترقی کے مواقع ہیں۔صدر شی جن پنگ نے یہ بات دونوں رہنماوں کے درمیان شنگھائی تعاون تنظیم 2025 سربراہ اجلاس سے قبل تیانجن میں ہونے والی ملاقات میں اتوار کے روز کہی۔انہوں نے زور دیا کہ جب تک دونوں ممالک اس وسیع سمت پر قائم رہیں گے، چین-بھارت تعلقات مستحکم اور طویل مدتی ترقی کو برقرار رکھ سکتے ہیں۔ شی جن پنگ نے کہا کہ چین اور بھارت کو اچھے پڑوسی اور ایک دوسرے کی کامیابی میں مدد کرنے والے شراکت دار بننا چاہئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈریگن اور ہاتھی کا ایک دوسرے کے ساتھ تعاون دونوں ممالک کیلئے صحیح انتخاب ہونا چاہئے۔ شی جن پنگ نے کہا کہ اس سال چین، بھارت سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ ہے ، دونوں ممالک کو دوطرفہ تعلقات کو ایک سٹرٹیجک اور طویل مدتی نکتہ نظر سے دیکھنا اور سنبھالنا چاہیے۔ انہوں نے دونوں ممالک پر زور دیا کہ وہ باہمی اعتماد کو گہرا کرنے کیلئے سٹرٹیجک رابطے کو مضبوط کریں، تبادلے اور باہمی مفید تعاون کو بڑھائیں، ہم آہنگ بقائے باہمی کیلئے ایک دوسرے کے خدشات کو سنیں اور مشترکہ مفادات کے تحفظ کیلئے کثیرالجہتی تعاون کو بہتر بنائیں۔ شی جن پنگ نے کہا کہ دونوں ایشیائی ہمسایوں کو اپنے سرحدی علاقوں میں امن اور سکون کو یقینی بنانے کیلئے ملکر کام کرنا چاہیے اور سرحدی معاملے کو دونوں ممالک کے مجموعی تعلقات پر حاوی نہیں ہونے دینا چاہیے۔