سی سی ڈی مبینہ پولیس مقابلے، 30 روپے کے جھگڑے پر دو بھائیوں کے قاتلوں سمیت 4 ملزمان ہلاک

لاہور (کرائم رپورٹر) کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ کے دو مختلف مبینہ مقابلوں کے دوران رائیونڈ میں 30 روپے کی خاطر دو بھائیوں کے زیرحراست قاتلوں سمیت 4ملزمان مارے گئے جبکہ ان کے ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے ترجمان کے مطابق سی سی ڈی چوہنگ چند روز قبل 30 روپے کے تنازعہ پر دو سگے بھائیوں کو تشدد کرکے قتل کرنے والے ملزمان کو دیگر ساتھیوں کی نشاندہی کیلئے رائیونڈ کے علاقے پہنچی جہاں ان کے ساتھی توقیر نے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ انہیں چھڑوانے کیلئے فائرنگ کر دی جس کی زد میں آکر زیر حراست ملزمان اویس اور شہزاد مارے گئے جبکہ حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ دوسرا مقابلہ چوہنگ کے علاقے میں ہوا جہاں سی سی ڈی چوہنگ شاہ گینگ کے دو کارندوں کی گرفتاری کیلئے مانووال میں چھاپہ مارا تو ملزمان نے گرفتاری سے بچنے کیلئے سی سی ڈی ٹیم پر فائرنگ کردی اس دوران جوابی فائرنگ کی زد میں آکر دو ملزمان مارے گئے جن کی شناخت حسنین اور عمر کے نام سے ہوئی، حکام کا کہنا ہے کہ ہلاک ملزمان کے ساتھی فیصل آباد میں سی سی ڈی کے ساتھ مقابلے میں مارے جاچکے ہیں۔ ملزمان اپنے ساتھیوں کا بدلہ لینے کی پلاننگ کررہے تھے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر سی سی ڈی افسران کو دھمکیاں بھی دی تھیں۔ سی سی ڈی حکام نے مزید بتایا کہ شاہ گینگ فیصل آباد اور گردوونواح میں دہشت کی علامت سمجھا جاتا تھا ہلاک ہونے والے ملزمان قتل، اقدام قتل ، بھتہ خوری سمیت پولیس کو متعدد سنگین جرائم میں مطلوب تھے۔