لاہور (مشرق نیوز) بھارت کی جانب سے دریاوں میں پانی چھوڑنے اور مسلسل بارشوں کے بعد پنجاب کے بڑے دریاوں میں پانی کے بہاو میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، دریائے چناب، ستلج اور راوی میں پانی کی سطح بلند ہو کر خطرناک حد کے قریب پہنچ گئی ہے۔ پنجاب کے متعدد علاقوں میں سیلابی ریلوں نے تباہی مچا دی جس کے باعث سینکڑوں دیہات زیر آب آگئے، پنجاب میں انتہائی اونچے درجے کے سیلاب کے باعث ضلعی انتظامیہ کی مدد کیلئے پاک فوج کو بھی طلب کر لیا گیا ہے۔
دریائے راوی
بھارت نے دریائے راوی میں 2 لاکھ کیوسک کا ریلا چھوڑ دیا، مسلسل بارشوں کے بعد دریائے راوی، چناب اور ستلج بپھر گئے، دریائے راوی میں انتہائی اونچے درجے کا سیلاب ہے، شاہدرہ کے نشیبی علاقوں میں سیلاب کا خدشہ ہونے کے باعث الرٹ جاری کر دیا گیا۔ دریائے راوی میں جسڑ کے مقام پر بھی انتہائی اونچے درجے کا سیلاب ہے اور پانی کا بہاو 2 لاکھ 29 ہزار 700 کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے، دریائے راوی میں سیلابی ریلے سے شاہدرہ اور موٹر وے ٹو کے نشیبی علاقوں پر سیلاب کا خطرہ ہے۔
نارووال میں دریائے راوی کا پانی کرتارپور کوریڈور میں داخل ہوگیا، سکھوں کی عبادت گاہ کو شدید نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے، گورودوارہ میں پانی 5 سے 7 فٹ تک موجود ہے، نارووال روڈ بھی سیلاب کی زد میں اگئی، شکر گڑھ شاہراہ بھی ٹریفک کیلئے بند ہے۔
دریائے راوی میں شکر گڑھ بھیکو چک کے مقام پر بند میں شگاف پڑ گیا، جس کی وجہ سے متعدد دیہات زیر آب آگئے ہیں، متاثرہ دیہات سے لوگوں کی نقل مکانی جاری ہے، شکر گڑھ کے گاوں جرمیاں جھنڈے کے علاقے میں پانی میں پھنسے 21 افراد کو ریسکیو کر لیا گیا۔ دریائے راوی میں پانی کے بہاو¿ میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے، صورتحال کے پیش نظر سول ڈیفنس نے الرٹ جاری کر دیا، جبکہ سائرن بھی بجائے گئے ہیں۔
دریائے ستلج
دوسری جانب دریائے ستلج بھی بپھر گیا، ہیڈگنڈاسنگھ پر پانی کا بہاو¿ 2 لاکھ 45 ہزار کیوسک ریکارڈ گیا گیا ہے۔ دریائے ستلج میں بہاولنگر کے مقام پر پانی کی سطح مزید بلند ہونے سے کئی دیہات کا زمینی رابطہ منقطع ہوگیا، ہیڈ سلیمانکی پر اونچے درجے کے سیلاب کا خدشہ ہے، متاثرہ علاقوں میں رینجرز، فوج اور پولیس کا ریسکیو آپریشن جاری ہے، ہزاروں شہروں اور مویشیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے۔
عارفوالا کے مقام پر دریائے ستلج میں شدید طغیانی سے کنڈشمس ، کنڈقابل، بلاڑی قصوریہ کے علاقے پانی میں ڈوب گئے، کئی چھوٹی بڑی بستیاں سیلابی پانی کے حصار میں آگئیں۔ پاکپتن میں دریائے ستلج میں بابا فرید پل کے مقام پر ایک لاکھ کیوسک کا ریلا گزر رہا ہے جس کے باعث ہنگامی الرٹ جاری کر دیا گیا، دریائی بیلٹ خالی کرانے کیلئے مساجد میں اعلانات کروائے جا رہے ہیں۔
پاکپتن میں 100 سے زائد چھوٹی بڑی بستیاں سیلاب سے متاثر ہیں، سیلاب کے باعث 4 ہزار سے زائد متاثرین کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے، سیلاب کے باعث متعدد دیہات کا زمینی رابطہ منقطع ہو گیا ہے۔ دریائے ستلج میں سیلاب کے باعث سرحدی علاقے کے 30 دیہات زیر آب آ چکے ہیں۔
دریائے چناب
اسکے علاوہ دریائے چناب میں انتہائی اونچے درجے کا سیلاب ہے، کئی دیہات کا زمینی رابطہ منقطع ہوگیا ہے۔ وزیر آباد میں ہیڈ خانکی میں پانی کی سطح بلند ہوگئی، بہاو 7 لاکھ 5 ہزار کیوسک تک پہنچ گیا ہے، دریائے چناب میں چناب نگر کے مقام پر پانی کی سطح مسلسل بلند ہونے لگی، دریائے چناب میں پانی کا بہاو 1 لاکھ 13 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق ہیڈ مرالہ سے 7 لاکھ کیوسک چلنے والا سیلابی ریلا چناب نگر کی حدود میں داخل ہونا شروع ہوگیا، چناب نگر کے مقام پر اونچے درجے کے سیلاب کا خدشہ ہے، چناب نگر کے قریب نشیبی آبادیوں کے مکینوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہیں۔
بھارت کی جانب سے پانی چھوڑنے کے بعد پنجاب کے دریا بپھر گئے، سینکڑوں دیہات متاثر

















