محسن نقوی کا قومی ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں کیلئے فی کس 10 لاکھ روپے انعام کا اعلان

لاہور (مشرق نیوز) وفاقی وزیر داخلہ و چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے قومی ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں کیلئے فی کس 10 لاکھ روپے انعام کا اعلان کردیا۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیرداخلہ و چیئرمین پی سی بی محسن نقوی سے پاکستان کی قومی ہاکی ٹیم کے کپتان عماد شکیل بٹ نے ملاقات کی۔

ہاکی ٹیم کے کپتان عماد شکیل بٹ نے محسن نقوی کو نشان امتیاز ملنے پر مبارکباد پیش کی اور ہاکی کے کھیل کی بحالی اور پرو ہاکی لیگ میں شرکت کے مسائل سے آگاہ کیا۔ ملاقات میں ہاکی کے کھلاڑیوں کی ویلفیئر اور ری ہیب کے مسائل پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

محسن نقوی نے ہاکی کھلاڑیوں کیلئے فی کس 10 لاکھ روپے انعام کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ہاکی کھلاڑیوں کے میڈیکل و فٹنس کیسوں کو پی سی بی کی پیشہ وارانہ میڈیکل ٹیم ہینڈل کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہاکی پلیئرز کے ویزا مسائل کو بھی حل کرایا جائیگا۔ ہماری لاجسٹک ٹیم اس ضمن میں ہاکی پلیئرز کو سہولت فراہم کرے گی۔

وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ پرو ہاکی لیگ کیلئے قومی ٹیم کا کوالیفائی کرنا اعزاز ہے۔ قومی ٹیم کی پرو ہاکی لیگ میں شرکت کے حوالے سے اپنا پورا کردار کروں گا۔ محسن نقوی نے ہاکی کے کھیل کی بحالی کیلئے ہر ممکن معاونت کی یقین دہانی کروائی۔