کرپٹ عناصر کو نکال پھینکا،سفارشوں کو رد کر کے بدعنوان ونااہل افسروں کو گھر بھیجا،وزیراعظم

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)وزیراعظم شہبازشریف نے کہاہے بدعنوانی کےخلاف زیرو ٹالرنس، سفارشوں کو رد کر کے کرپٹ ونااہل افسروں کو برطرف کیا،گریڈ 20 سے 22 تک کے افسروں کو گھر بھیجا ،ملک بھر سے سفارشیں آئیںمگر ٹھکرادیں،اقتدار سنبھالا تو سنگین معاشی بحران ملا،یقین تھا ڈیفالٹ نہیں کرینگے، ماہرین کےساتھ ملکر لائحہ عمل مرتب کیا اوربحران پر قابو پایا۔

اڑان پاکستان سمر سکالرز کےلئے منتخب طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہاکرپشن برداشت نہیں، بدعنوانی کے خاتمے کیلئے سخت و بے مثال فیصلے کیے ،کرپٹ عناصر کو نظام سے نکال باہر کیا تو صرف ایک شعبے کا ریونیو 12 سے بڑھ کر 50 ارب ہوگیا،جانتا تھا اصلاحات کی راہ میں فون کالز ،سفارشیں آئیں گی مگر ذہنی طور پر 100 فیصد تیار تھے، اڑان پاکستان پروگرام کے تحت نوجوانوں کو ملکی تعمیر و ترقی میں عملی شرکت کا موقع دینا بہترین و تاریخی اقدام ہے،پروگرام میں پاکستان کے ہر کونے سے آئے باصلاحیت نوجوانوں کی نمائندگی ہے جو ملک کا روشن مستقبل ہیں۔

وزیراعظم نے نوجوان شرکا کو ”سپر سٹارز کی کہکشاں“ قرار دیتے ہوئے کہاقابلیت، جذبے سے بے حد متاثر ہوں،سکالرز پروگرام کے ذریعے نوجوانوں کو گورننس، پالیسی سازی ،ریاستی اداروں کی عملی کارکردگی سے سیکھنے و سمجھنے کا نادر موقع میسر آیا،پروگرام میں شرکت کرنے والے نوجوان پاکستان کی ممتاز جامعات سے تعلق رکھتے اور اعلیٰ صلاحیتیں موجود ہیں،مختلف وزارتوں، شعبہ جات و محکموں میں براہ راست مشاہدہ و سیکھنے کا تجربہ نوجوالوں کیلئے قیمتی سرمایہ بنے گا۔

شہبازشریف نے کہا نہایت مشکل حالات میں اقتدار سنبھالا اور پوری مخلصانہ کوشش کےساتھ فیصلے کیے، باقی معاملہ اللہ تعالیٰ پر چھوڑ دیا،اللہ پوچھے گادنیا میں کیا کام کیا؟ تو کہیں گے میرٹ پر کام کیا، تیز طرار بیوروکریٹس کو پتہ ہوتا ہے کام کیسے کرنا ہے، ایف بی آر میں فیس لیس ٹیکنالوجی متعارف کرائی گئی، ڈیجیٹلائزیشن کے عمل کو تیز کیا ،انفورسمنٹ کے ذریعے 500 ارب کی وصولی ممکن ہوئی، پالیسی ریٹ میں کمی سے معیشت ،سرمایہ کاری کا ماحول بہتر ہوا، پالیسی ریٹ میں مزید کمی سے لوگ بینکوں سے پیسہ نکال کر سرمایہ کاری کریں گے،جون 2023 میں معاشی حالات انتہائی خطرناک دکھائی دے رہے تھے،اکثریت کا خیال تھا پاکستان ڈیفالٹ کر جائے گا تاہم پرامید رہے بحران سے نکلیں گے اور کامیاب ٹھہرے، ایم ڈی آئی ایم ایف سے اہم ملاقات کے بعد بحران پر قابو پانے کی راہ ہموار ہوئی۔

وزیراعظم نے کہا وزرا، بیوروکریٹس و ماہرین کےساتھ ملکر لائحہ عمل مرتب کیا،ٹیم ورک کی بدولت مثبت نتائج سامنے آئے،بنائے گئے معاشی لائحہ عمل پر عملدرآمد اب بھی مشکل مرحلہ ہے لیکن ٹیم ورک، اتحاد اور خلوص نیت سے چیلنجز عبور کیے جا رہے ہیں۔

شہباز شریف نے نوجوانوں، حکومتی اداروں اور معیشت سے جڑے تمام سٹیک ہولڈرز کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا پاکستان آگے بڑھ رہا اور ترقی کا سفر جاری ہے،ایف بی آر سے تمام بدعنوان عناصرکو نکال پھینکا، جانتا تھا بدعنوان عناصرکو ختم کرنا ہے تو فون کال ،سفارشوں کا سامنا ہوگا، ذہنی طور پر 100فیصد تیار تھا،کسی تاخیرکے بغیر گریڈ 20 سے 22 تک کے افسروں کو گھر بھیجا،میری عاجزانہ شہریت کو جانتے ہوئے پنجاب سے بہت کم سفارشیں آئیں، معلوم تھا میں پاکستان بھر سے آنیوالی سفارشوں پر عمل نہیں کروں گا، ایف بی آر ڈیجیٹائزیشن کی بڑی باتیں کی گئیں مگر سب صرف کاغذوں پر تھا، حقیقت میں ابتدائی چند اقدامات کے علاوہ ڈیجیٹائزیشن پرکوئی کام ہی نہیں ہوا۔

وزیراعظم نے کہا اڑان پاکستان ملکی ترقی و آگے بڑھنے کا منصوبہ ہے، ماہرین کی مشاورت سے پروگرام کو حتمی شکل دینے میں کئی ماہ لگے،نوجوانوں کے حقیقی تجزئیے ،فیڈ بیک سے استفادہ کریں گے،عوام کی خدمت ذمہ داری ہے،پیچھے نہیں ہٹیں گے،کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے قابل فخر ہیں، کارکردگی کی بنیاد پر جانچ کا پیمانہ ہی نئی تبدیلی ہے اگر ملکی خدمت میں ناکام ہوجائیں تو نتائج کے ذمہ دار ہوں گے، عوامی خدمت سے ہی اپنا سر فخر سے بلند کر سکتے ہیں۔

شہبازشریف نے کہا پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں سے شدید متاثرہ 10 ملکوں میں شامل ہے، 2022 کے سیلاب سے بہت تباہی ہوئی، پہلگام واقعہ سے پاکستان کا کوئی تعلق نہیں ،بھارت نے غیرجانبدارانہ عالمی تحقیقات کی پیشکش مستر د کرکے جارحیت کا راستہ اختیار کیا، پاکستان نے اپنے دفاع کا حق استعمال کرتے ہوئے جوابی کارروائی میں بھارت کے 6 طیارے مارگرائے، وطن عزیز کا دفاع و تحفظ ذمہ داری ہے، 9 ،10 مئی کی رات بھارت نے دوبارہ حملہ کیا،منہ توڑ جواب دے کر دشمن کو سبق سکھایا، کامیابی اتحاد و افواج پاکستان کی پیشہ وارانہ مہارت کا ثمر ہے، ایٹمی پروگرام جارحیت نہیں صرف دفاع کےلئے ہے۔