لاہور:(ایجوکیشن رپورٹر)پنجاب ایجوکیشن کریکولم، ٹریننگ اینڈ اسیسمنٹ اتھارٹی (پیکٹا) کی جانب سے فرسٹ ایئر کی کیمسٹری کی نصابی کتاب میں حیران کن غلطی سامنے آ گئی۔
ماحولیات کے باب میں سموگ کے اثرات بیان کرتے ہوئے شاہی قلعہ لاہور کی جگہ دہلی کے مشہور لال قلعہ کی تصویر شائع کر دی گئی،تصویر کیمسٹری کی اس کتاب میں شامل ہے جسے سرکاری سطح پر تعلیمی اداروں میں پڑھایا جا رہا ہے، تصویر کے نیچے دہلی کے لال قلعہ کو شاہی قلعہ لاہور ہی لکھا گیا ہے،ماحولیاتی آلودگی اور سموگ کے بارے میں مضمون میں مقامی سیاق و سباق کے بجائے بھارتی تاریخی ورثے کی تصویر شائع کرنے پر تعلیمی حلقوں اور ماہرین نے شدید تحفظات کا اظہار کردیا۔
پیکٹا حکام کی جانب سے تاحال غلطی پر کوئی باضابطہ وضاحت یا معذرت سامنے نہیں آئی،صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے کتاب میں غلط تصویر چھاپنے پر انکوائری کا حکم دیتے ہوئے کہا انکوائری کے بعد حقائق سامنے آنے پر کارروائی کریں گے۔
ادھرپیکٹانے فرسٹ ائیر کی کیمسٹری کی کتاب میں لاہور کے شاہی قلعہ کی جگہ لال قلعہ دہلی کی تصویر شائع ہونے کے معاملے کی تحقیقات کےلئے 3رکنی کمیٹی تشکیل دیدی ،چیف ایگزیکٹو آفیسر پیکٹا کی جانب سے 3 رکنی کمیٹی کے قیام کے احکامات جاری کئے گئے جس کے مطابق منیجنگ ڈائریکٹر (آپریشنز)پیکٹا/ایڈیشنل سیکرٹری سکولز ایجوکیشن عبد الرزاق کنوینر جبکہ منیجنگ ڈائریکٹر ( ایم اینڈ ای ) پیکٹا ڈاکٹر عبد الوحید اور سینئر لاءآفیسر سکولز ایجوکیشن/ایڈیشنل ڈائریکٹر پیکٹا آصف اقبال ممبر ہوںگے ، کمیٹی 2 روز میں تحقیقات اور ذمہ داروں کا تعین کر کے اپنی رپورٹ پیش کرے گی ۔
پنجاب نصابی اتھارٹی کی سنگین غلطی، کیمسٹری کی کتاب میں لال قلعہ دہلی کی تصویر شائع



















