ہانگ کانگ (مشرق نیوز) ماہرین نے ایک سال کی تحقیق کے بعد آرٹیفیشل انٹیلی جنس کے ذریعے کمسن بچوں کے دانتوں کی مختلف بیماریوں اور خصوصی طور پر ان میں کیڑا لگنے کا پتہ لگانے کا طریقہ تیار کرلیا۔ طبی ویب سائٹ کے مطابق ہانک کانگ اور چین کی مختلف یونیورسٹی کے ماہرین نے ایک سال تک 3 سے 5 سال کی عمر کے 90 کے قریب بچوں کے دانتوں کو چیک کیا۔
ماہرین نے دانتوں کو چیک کرنے کیلئے اے آئی ٹولز اور ٹیکنالوجی کے ذریعے نیا طریقہ تیار کیا جن سے بچوں کے دانتوں کو بار بار چیک کیا گیا۔ماہرین نے ایک سال تک تمام بچوں کے دانتوں کے 2500 سے زائد نمونے لیے، یعنی ان کے بار بار ٹیسٹ کئے اور پھر انکے نتائج نکالے۔
ماہرین نے پایا کہ عام طور پر کم سن بچوں کے دانتوں میں پہلے اگلے دانتوں میں کیڑا لگتا ہے جو وقت کے ساتھ ساتھ طاقتور ہوکر پچھلے دانتوں کو بھی متاثر کرتا ہے، جس سے بچوں کے دانتوں میں دیگر مسائل بھی ہونے لگتے ہیں۔ماہرین کے مطابق تیار کئے گئے نئے اے آئی ٹول کے ذریعے دانتوں میں کیڑا لگنے کی وجوہات کی درستگی کی شرح 98 فیصد تک بھی رہی، تاہم زیادہ تر وجوہات 90 فیصد تک درست تھیں۔
ماہرین نے بتایا کہ تیار کردہ نیا اے آئی ٹیسٹ ٹول چند منٹوں میں بچوں کے دانتوں میں کیڑا لگنے یا نہ لگنے کی نشاندہی کرنے کے قابل ہے، جس سے سالانہ ہزاروں متاثر بچوں کو بر وقت علاج فراہم کیا جا سکے گا۔ ماہرین کو امید ہے کہ تیار کیے گئے نئے طریقے کو جلد ہی عام آزمائش کیلئے منظور کیا جائیگا جس کے بعد مذکورہ طریقے کو حتمی طور پر استعمال کرنے کی منظوری دی جائیگی۔
اگر مذکورہ طریقہ منظور ہوگیا تو یہ کئی سال بعد بچوں کے دانتوں میں کیڑا لگنے کا پتہ لگانے کا پہلا طریقہ ہوگا، جس سے دنیا بھر کے لاکھوں بچوں کو سہولت میسر ہوگی۔
اے آئی سے بچوں کے دانتوں کی بیماریوں کا پتہ لگانے کا طریقہ تیار



















