تہران:(مشرق نیوز)آبنائے ہرمز دنیا کی لائف لائن ،بندش سے تیل بحران کاخطرہ، نتائج ایران کےلئے بھی خوفناک ہوں گے،ماہرین نے خبردار کردیا۔
رپورٹ کے مطابق آبی گزر گاہ سے سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، کویت ، ایران سے یومیہ تقریباً 21 ملین بیرل تیل دیگر ممالک کو پہنچایا جاتا ہے، پاکستان، چین، جاپان، جنوبی کوری ، یورپ، شمالی امریکہ اور دنیا کے دیگر ممالک شامل ہیں،آبنائے ہرمز مشرق وسطیٰ کے خام تیل پیدا کرنے والے ممالک کو ایشیا، یورپ، شمالی امریکہ و دیگر دنیا سے جوڑتی ہے، سمندری پٹی کے ایک طرف امریکہ کے اتحادی عرب ممالک تو دوسری طرف ایران ہے۔
آبی گزرگاہ سے دنیا کے 20 فیصد تیل اور 30 فیصد گیس کی ترسیل ہوتی ہے، روزانہ تقریباً 90 اور سال بھر میں 33 ہزار بحری جہاز گزرتے ہیں،33 کلو میٹر چوڑی سمندری پٹی سے دو شپنگ لینز جاتی ہیں ہر لین کی چوڑائی 3 کلو میٹر ہے جہاں سے بڑے آئل ٹینکرز گزرتے ہیں، مجموعی عالمی تیل کی رسد کا پانچواں حصہ یعنی 20 فیصد اسی راستے سے جاتا ہے، دنیا میں سب سے زیادہ ایل این جی برآمد کرنے والا ملک قطر بھی اپنی برآمدات کےلئے اسی گزر گاہ پر انحصار کرتا ہے۔
آبنائے ہرمز کے ایک طرف خلیج فارس اور دوسری طرف خلیج عمان ہے، خلیج فارس کے اندر 8 ممالک ایران، عراق ، کویت، سعودی عرب بحرین، قطر، یو اے ای اور عمان موجود ہیں،دنیا کی دوسری بڑی معیشت چین معیشت کی روانی کےلئے خلیج سے اپنی ضرورت کا آدھا تیل منگواتا ہے جبکہ جاپان 95 فیصد ، جنوبی کوریا 71 فیصد تیل اسی راستے سے درآمد کرتے ہیں، آبنائے ہرمز سے ہی تینوں ممالک خلیجی ممالک کو گاڑیاں ،الیکٹرانک سامان کی ترسیل بھی کرتے ہیں۔
عالمی ماہرین کے مطابق اسرائیل کےساتھ جاری جنگ اور امریکی حملوں کی صورت میں ایران آبنائے ہرمز کو ٹرمپ کارڈ کے طور پر استعمال کرے گا،بارودی سرنگیں بچھانے کے علاوہ آبدوزیں، اینٹی شپ میزائل اور جنگی کشتیاں تعینات کر سکتا ہے، نتیجہ تیل کا بحران پیدا ہو گا اور قیمتیں 130 ڈالر فی بیرل تک اوپر جا سکتی ہیں،آبنائے ہرمز صرف ایران کےلئے چوک پوائنٹ ہی نہیں بلکہ دنیا کی لائف لائن ہے،آبی گرز گاہ کی بندش کے نتائج ایران کےلئے خوفناک ہوں گے۔
آبنائے ہرمز دنیا کی لائف لائن ،بندش سے تیل بحران کاخطرہ

















