ترمیم کیس کافیصلہ کیے بغیرآئینی بنچ میں توسیع نقصان دہ ہوگی،جسٹس منصور

اسلام آباد: (بیورورپورٹ) سینئر ترین جج جسٹس منصور علی شاہ نے آئینی بنچ کی مدت میں توسیع کےخلاف خط لکھ دیا،16 جون کو سیکرٹری جوڈیشل کمیشن کو ارسال کردہ خط جوڈیشل کمیشن ممبران کو بھیج دیا گیا۔

خط میں کہا گیا 26 ویں ترمیم کے کیس میں فیصلے تک آئینی بنچ میں توسیع نہ کی جائے، ترمیم پرفیصلہ کیے بغیر بنچ کی مدت میں توسیع عدلیہ کےلئے نقصان دہ ثابت ہو سکتی ہے، معاملے میں جلد بازی ادارے کی ساکھ کو نقصان پہنچا سکتی ہے۔

جسٹس منصور نے لکھا 19 جون کے اجلاس کےلئے پاکستان میں موجود نہیں ہوں گے ، پیشگی اطلاع دی،اجلاس میں عدم شرکت اور تحریری موقف کو میٹنگ کے منٹس میں شامل کیا جائے، آئینی بنچ میں توسیع سے عدلیہ کی غیرجانبداری پر سوالات اٹھ سکتے ہیں اور عوامی اعتماد کو ٹھیس پہنچ سکتی ہے۔

خط میں مزید کہا گیا عدلیہ کی ساکھ براہ راست عوامی اعتماد سے جڑی اور تنازع ادارے کی مجموعی حیثیت کو مجروح کر رہا ہے، ایگزیکٹو کا جوڈیشل کمیشن پر بڑھتا اثر و رسوخ عدالتی خودمختاری کےلئے نیک شگون نہیں،26 ویں آئینی ترمیم سے متعلق فیصلے تک تمام ججز کو آئینی بنچ قرار دیا جائے اور آئینی بنچ میں شمولیت کا واضح معیار اور پیمانہ طے کیا جائے تاکہ کسی قسم کی ابہام یا سیاسی تاثر پیدا نہ ہو۔