مریضوں کے علاج معالجے میں غفلت برداشت نہیں کی جائیگی: خواجہ سلمان رفیق

لاہور (اپنے رپورٹر سے) صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے راولپنڈی انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کا دورہ کیا اور ایمرجنسی، میڈیسن سٹور، آپریشن تھیٹرز و دیگر وارڈز میں طبی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ صوبائی وزیر نے ایئر کنڈیشنرز کے فعال نہ ہونے پر اظہار برہمی کیا اور جلد فعال کرنے کی ہدایت کی اورمریضوں کی عیادت کی اور طبی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق عوام تک صحت کی بہترین سہولیات کی فراہمی کیلئے کوشاں ہیں۔ ہسپتالوں میں مریضوں کے علاج معالجے میں غفلت برداشت نہیں کی جائیگی۔ حکومت پنجاب کی جانب سے بجٹ میں صحت کے شعبہ پر خاص توجہ دی گئی ہے۔ وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ مریضوں کیلئے آسانیاں پیدا کرنا اوّلین ترجیح ہے۔ عوام کو ان کے گھر کی دہلیز پر صحت کی بہتر سہولیات فراہم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ راولپنڈی انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں ڈاکٹرز کی کمی کو ترجیحی بنیادوں پر پورا کریں گے۔