پاکستان بچوں کے کینسر کی مفت ادویات کے عالمی پروگرام کا حصہ بن گیا

نیویارک (مشرق نیوز) پاکستان کو گلوبل پلیٹ فارم فار ایکسیس ٹو چائلڈ ہڈ کینسر میڈیسنز کے 2025 کے پروگرام میں شامل کرلیا گیا ہے جس کے تحت ملک میں اگلے سال بچوں کے کینسر کی مفت ادویات فراہم کی جائیں گی۔

وزیر صحت سید مصطفی کمال نے ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن اور سینٹ جوڈ چلڈرنز ریسرچ ہسپتال کے وفد سے ملاقات میں اس انتخاب کو ”ایک اہم سنگ میل“ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ پاکستان کیلئے باعث فخر ہے کہ اسے اس اہم عالمی پروگرام کیلئے منتخب کیا گیا۔

وزیر صحت نے بتایا کہ پاکستان میں ہر سال 8,000 سے زائد بچوں میں کینسر کی تشخیص ہوتی ہے، جن میں سے بہت سے ادویات کی عدم دستیابی کے باعث جان کی بازی ہار جاتے ہیں۔ انہوں نے اس موقع پر کہا کہ ”کینسر کے شکار بچوں کو بروقت اور مو¿ثر علاج کی فراہمی ایک بڑا چیلنج ہے۔“

سید مصطفی کمال نے کہا کہ GPACCM کے ذریعے پاکستان عالمی وسائل سے فائدہ اٹھا کر مقامی چیلنجز پر قابو پاسکے گا۔ انہوں نے اس کامیاب انتخاب پر تمام متعلقہ اداروں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اس مقصد کیلئے گلوبل پلیٹ فارم سے بھرپور استفادہ کیا جائے گا۔

یہ پروگرام خاص طور پر ان بچوں کیلئے امید کی کرن ہے جو کینسر کے علاج کے اخراجات برداشت نہیں کر سکتے۔ وزارت صحت کے مطابق، اس اقدام سے نہ صرف بچوں کی اموات میں کمی آئے گی بلکہ کینسر کے علاج کے معیار میں بھی بہتری آئیگی۔

ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ پاکستان میں کینسر کے شکار بچوں کی بڑی تعداد علاج کی سہولیات نہ ہونے کے باعث بروقت تشخیص اور علاج سے محروم رہ جاتی ہے۔ اس عالمی تعاون سے ملک میں پیڈیاٹرک کینسر کیئر کے شعبے میں انقلاب آ سکتا ہے۔