کراچی (مشرق نیوز) فیفا کلب ورلڈکپ میں شریک پاکستان نژاد فٹبالر حارث زیب نے کہا ہے کہ میں پاکستان کی جانب سے کھیلنے کیلئے دستیاب ہوں۔ خصوصی انٹرویو میں حارث زیب نے اپنے سفر اور مستقبل کے اہداف پر گفتگو کی۔ان کا کہنا تھا کہ بچپن سے کزنز کے ساتھ فٹ بال کھیلنا شروع کی۔ سکول لیول، کلب لیول، ایج گروپ لیول اور پھر ٹاپ لیول فٹ بال کھیلی، فٹ بال کی وجہ سے زندگی کے بہترین لمحات ملے لیکن مشکل وقت بھی دیکھا۔انہوں نے کہا کہ 2021 سے 2023 کے درمیان پاں پانچ مرتبہ انجرڈ ہوا، دو مرتبہ سرجری ہوئی جس کی وجہ سے فن لینڈ کا کنٹریکٹ بھی مس ہوا، ایسا لگا کہ فٹبال کا خواب چکنا چور ہونے والا ہے لیکن 2024 میں آخری چانس لیا اور برکن ہن ہونائیٹڈ کے ساتھ میرا سیزن بہت زبردست رہا جس کے بعد میں آج یہاں ہوں۔حارث زیب نے کہا کہ فیفا کلب ورلڈکپ کھیلنا اعزاز کی بات ہے، انسان کو اللہ تعالیٰ کے پلان کا اس وقت ہی معلوم ہوتا ہے جب وہ اپنی منزل تک پہنچتا ہے۔ایک سوال پر 24 سالہ فٹبالر کا کہنا تھا کہ شروع میں فیملی اور رشتے دار سے کافی سننے کو ملتا تھا کہ فٹبال میں وقت ضائع کر رہا ہوں کیوں کہ پاکستانی کمیونٹی میں ڈاکٹر یا وکیل بننے کی توقع کی جاتی تھی۔انہوں نے مزید کہا کہ جب 18 سال کا ہوا، کچھ کامیابی ملی تو اس کے بعد سب نے کافی سپورٹ کیا، آج میری فیملی کو بھی مجھ پر فخر ہے، پہلے وہ فٹ بال کو کیریئر نہیں سمجھتے تھے، لیکن مجھے اب توقع ہے کہ میں دیگر پاکستانی بچوں کیلئے ایک مثال بن سکتا ہوں۔
پاکستان کی جانب سے کھیلنے کیلئے دستیاب ہوں‘ پاکستان نژاد فٹ بالر حارث زیب

















