اسلام آباد: (بیورورپورٹ)جامعات کے دورے، اساتذہ و طلبہ سے خصوصی نشستیں،کورکمانڈرز نے کہاملکی سلامتی، وقار اور قومی خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرینگے۔
ملک کے مختلف شہروں میں پاک فوج کے اعلیٰ عسکری حکام نے اہم تعلیمی اداروں کے دورے کیے، اساتذہ اور طلبہ کےساتھ خصوصی نشستوں میں شرکت کی، ملاقاتیں منگلا، ملتان، لاہور، کراچی، کوئٹہ، گوجرانوالہ اور بہاولپور کے کور کمانڈرز کی جانب سے کی گئیں، مقصد نوجوان نسل کو پاکستان میں امن و امان، ترقیاتی منصوبوں اور پاک فوج کے کردار سے روشناس کرانا تھا،کور کمانڈرز نے طلبہ کو جدید ٹیکنالوجی، علم اور سوشل میڈیا کے مثبت استعمال کی ترغیب دی اور پاکستان کے روشن مستقبل میں فعال ،تعمیری کردار ادا کرنے پر زور دیا۔
عسکری حکام نے نوجوانوں کو سوشل میڈیا پر پھیلنے والی افواہوں اور منفی پروپیگنڈے کا موثر جواب دینے کی ہدایت کی جبکہ عالمی سطح پر پاکستان کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنے کی تلقین کی گئی،کور کمانڈر لاہور نے آپریشن بنیان مرصوص کو قوم کے ایمان، اتحاد اور نظم و ضبط کی علامت قرار دیا۔
کورکمانڈر لاہور نے لاہور کی جامعات میں طلبہ کی تیار کردہ معرکہ حق سے متعلق پینٹنگز کا مشاہدہ کیا اور حالیہ پاک بھارت جنگ کے تناظر میں جدید علوم اور ٹیکنالوجی کی اہمیت پر روشنی ڈالی،کور کمانڈر کراچی نے طلبہ کو قوم کا ضمیر اور کل کا معمار قرار دیتے ہوئے کہا نوجوان نسل پاکستان کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے، پاکستان اپنی سلامتی، وقار اور قومی خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔
کوئٹہ کالج آف میڈیکل سائنسز اور نرسنگ انسٹیٹیوٹ میں خصوصی نشست میںکور کمانڈر کوئٹہ نے بلوچستان کی تعمیر و ترقی ، زمینی حقائق پر مبنی گفتگو کی اور سوالات کے تسلی بخش جوابات دئیے۔
کور کمانڈر گوجرانوالہ نے طلبہ کو قومی یکجہتی، حب الوطنی اور ذمہ دار شہری بننے کا پیغام دیا جبکہ کور کمانڈر بہاولپور نے معرکہ حق اور قومی یکجہتی پر خصوصی گفتگو کی، معرکے کو افواج پاکستان کی پیشہ وارانہ مہارت اور عوام کی دعاوں کا نتیجہ قرار دیا۔
ملکی سلامتی، وقار اور قومی خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرینگے:کور کمانڈرز

















