امن کیلئے نیا پلیٹ فارم بنانے کو تیار ،پاکستان کےساتھ ملکر چلیں گے، چین

ہانگ کانگ:(شِنہوا)چینی وزیر خارجہ وانگ یی نے کہاہے بیجنگ بین الاقوامی تنظیم برائے ثالثی (آئی او میڈ) کے منفرد فوائد کو فروغ دینے کےلئے پاکستان اور ہم خیال ممالک کےساتھ مل کر کام کرنے کو تیار ہے۔

ہانگ کانگ میں بین الاقوامی تنظیم برائے ثالثی کے قیام کے کنونشن کی دستخطی تقریب میں شرکت کرنےوالے وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے ملاقات کے دوران وانگ یی نے کہا چین پاکستان و دیگر ممالک کےساتھ ملکر تنازعات کے رضاکارانہ ،موثر نئے متبادل حل فراہم کرنے اور عالمی جنوب میں امن، استحکام، انصاف ، عدل کے فروغ کےلئے نیا پلیٹ فارم بنانے کو تیار ہے۔

اسحاق ڈار نے کہا بین الاقوامی تنظیم برائے ثالثی کے قیام کےلئے چین کا اقدام بروقت اور کثیرجہتی نظام کو مضبوط بنانے کےلئے اہم کردار ادا کرتا ہے،حال ہی میں بیجنگ میں پاکستان، چین اور افغانستان کے وزرائے خارجہ کی غیر رسمی ملاقات کامیاب رہی، پاکستان نے چین کی ثالثی تجویز قبول کرتے ہوئے افغانستان کےساتھ سفارتی تعلقات کو سفیر کی سطح تک بڑھانے کا فیصلہ کیا ۔

چینی وزیرخارجہ اور کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی مرکزی کمیٹی کے سیاسی بیورو کے رکن وانگ یی نے کہا افغانستان کےساتھ سفارتی تعلقات میں بہتری سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مستحکم ہوں گے، تعاون مضبوط ،اعتماد بڑھے گا ،چین جولائی میں سلامتی کونسل کی صدارت سنبھالنے اور بین الاقوامی امن و سلامتی میں کردار ادا کرنے میں پاکستان کی حمایت کرتا ہے۔