مانع حمل دوا یا ممکنہ خطرہ؟ خواتین کی صحت پر نئی تحقیق نے خطرے کی گھنٹی بجا دی

پیرس (مشرق نیوز) خواتین کی صحت سے جڑا ایک سنجیدہ اور تشویشناک انکشاف حالیہ دنوں عالمی خبروں کا مرکز بنا ہوا ہے۔ ایک ایسی مانع حمل دوا جس کا مقصد خواتین کو سہولت دینا تھا، اب ان کی صحت کیلئے ایک ممکنہ خطرے کے طور پر سامنے آرہی ہے۔

عالمی میڈیا کے مطابق ”ڈیپو پروویرا“ نامی یہ دوا جسے دنیا بھر میں لاکھوں خواتین استعمال کرچکی ہیں، دماغی رسولی یعنی مینی نیوما سے منسلک کی جارہی ہے۔ یہ انکشاف فرانس کی نیشنل ایجنسی فار میڈیسنز اینڈ ہیلتھ پروڈکٹس سیفٹی کی جانب سے 2023 میں شائع ہونے والی تحقیق کے ذریعے سامنے آیا، جس میں بتایا گیا کہ ایک سال یا اس سے زیادہ عرصہ تک یہ دوا استعمال کرنے والی خواتین میں مینی نیوما کا خطرہ پانچ گنا زیادہ پایا گیا۔ اگرچہ یہ رسولیاں بظاہر غیرسرطانی ہوتی ہیں، مگر جب یہ بڑھنے لگیں تو دماغ اور اعصابی نظام پر دباو ڈال کر شدید طبی پیچیدگیاں پیدا کرسکتی ہیں۔

برطانیہ، امریکہ اور دیگر ترقی یافتہ ممالک میں اس دوا کے استعمال کے بعد متعدد خواتین نے دماغی دباو، دورے اور اعصابی مسائل کی شکایت کی ہے۔ اسکے نتیجے میں نہ صرف دوا ساز کمپنیوں کیخلاف قانونی کارروائیوں کا آغاز ہوچکا ہے بلکہ خواتین کی ایک بڑی تعداد اپنے تحفظات اور خدشات کا کھل کر اظہار بھی کر رہی ہے۔

برطانیہ میں سینکڑوں خواتین ”ڈیپو پروویرا“ کے خلاف قانونی چارہ جوئی کی تیاری کر رہی ہیں۔ اس انجکشن میں شامل فعال جزو میڈروکسی پروجیسٹیرون ایسیٹیٹ ہے جو پاکستان میں بھی مختلف تجارتی ناموں سے دستیاب ہے، جیسے ”ڈیپو پروویرا سہیلی“، ”فیمیلا“، ”میڈروکسی ڈیپو“ اور ”میگسٹرون“۔ یہ ادویات مارکیٹ میں طویل عرصے سے موجود ہیں اور ہر ماہ صرف انگلینڈ میں اس دوا کے 10,000 سے زائد نسخے جاری کئے جاتے ہیں۔