لاہور (اپنے رپورٹر سے) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ افواج پاکستان نے اپنی جانوں کی پروا کیے بغیر ملک کا بھرپور دفاع کیا اور دشمن کو ہر محاذ پر پسپا ہونے پر مجبور کیا،پاکستانی افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو عالمی سطح پر تسلیم کیا جاتا ہے،قوم کو اپنی مسلح افواج پر فخر ہے اور دشمن ملک افواج پاکستان کی موجودگی میں پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرات نہیں کرسکتا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے حلقہ این اے 120 لاہور کے علاقے جلو موڑ باٹا پور میں سیوریج اور صاف پانی کی فراہمی کے 18 ارب روپے مالیت کے میگا پراجیکٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر تے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر و بیت المال سہیل شوکت بٹ، مسلم لیگ (ن) کے مقامی رہنما اور بڑی تعداد میں شہری بھی موجود تھے۔سردار ایاز صادق نے کہا کہ بھارت اور اسرائیل کا گٹھ جوڑ بے نقاب ہو چکا ہے ،پاکستان کیلئے ساری قوم اور تمام سیاسی جماعتیں متحد ہیں،افواج پاکستان کے جوانوں میں جو جذبہ ہے اسے الفاظ میں بیان نہیں کیا جا سکتا۔انہوں نے کہا کہ اللہ تعالی کا شکر ہے کہ پاکستان کو دشمن پر تاریخی فتح نصیب ہوئی،قوم سابق وزیر اعظم نوازشریف کی بھی شکر گزار ہے جنہوں نے پاکستان کو ایٹمی قوت بنایا۔ انہوں نے کہا کہ جب پہل گام حملہ ہوا تو پاکستان نے اس کی مذمت کی لیکن بھارت نے روایت کے مطابق الزام پاکستان پر لگا دیا،پاکستان نہ تو دہشت گردی کے کسی واقعہ میں ملوث ہے اور نہ ہی اسکی حمایت کرتا ہے،پاکستان نے دہشت گردی کےخلاف جنگ میں 90 لاکھ جانوں کی قربانی دی ہے۔انہوں نے کہا کہ ساری قوم پاک افواج کے زخمی جوانوں کی صحت یابی کیلئے دعا گو ہے اور فوج کے عزم و استقلال کو باعث فخر سمجھتی ہے۔تقریب کے دوران جلو موڑ سے لیکر قائداعظم انٹرچینج اور لکھو ڈیر محمود بوٹی تک سیوریج، واٹر سپلائی اور دیگر سہولیات کے منصوبے کا افتتاح کیا گیا۔ این اے 120 کے علاقے میں پنجاب حکومت نے 18 ارب روپے کی لاگت سے ٹرنک سیوریج، واسا پائپ لائن اور صاف پانی کی فراہمی کا منصوبہ شروع کیا گیا۔ سپیکر ایاز صادق نے کہا کہ یہ منصوبہ لاہور کا سب سے بڑا منصوبہ ہے جس کے تحت جی ٹی روڈ کے دونوں اطراف 20 میٹر چوڑے پائپ لگائے جائیں گے اور 2300 گلیاں تعمیر کی جائیں گی۔ صوبائی وزیر سہیل شوکت بٹ نے کہا کہ افواج پاکستان نے دشمن کو منہ توڑ جواب دیا ،ساری قوم کو اپنی افواج پر فخر ہے، بزدل دشمن نے رات کی تاریکی میں حملہ کیا جس میں بچے بھی شہید ہوئے تاہم پاکستان نے دن کی روشنی میں ایسا جواب دیا جو دشمن ہمیشہ یاد رکھے گا۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے قوم کو ایٹمی پروگرام کا تحفہ دیا ،ہم افواج پاکستان کے شہدا ءکو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں جنہوں نے وطن کی خاطر جانوں کا نذرانہ دیا، ان کا خون کبھی رائیگاں نہیں جائے گا۔سہیل شوکت بٹ نے پاک فضائیہ کے شاہینوں کی جرات و بہادری کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے بھارتی طیارے مار گرائے اور دنیا بھر میں اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔ انہوں نے افواج پاکستان کے سپہ سالار جنرل سید عاصم منیر کی قیادت کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ آج ساری قوم افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ہمیں وزیراعظم میاں شہباز شریف کی قیادت پر بھی فخر ہے۔سہیل شوکت بٹ نے وزیراعلیٰ پنجاب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے سے علاقے میں برساتی پانی اور سیوریج کے دیرینہ مسائل حل ہو جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مریم نواز وزیر اعلیٰ بن کر نہیں بلکہ قوم کی بیٹی بن کر کام کر رہی ہیں۔
بھارت، اسرائیل گٹھ جوڑ بے نقاب، ملک کیلئے قوم، تمام جماعتیں متحد ہیں :ایاز صادق
















